محکمہ ریونیو کی تسلی بخش کارکردگی، افسران کی ترقیاں و تبادلے متوقع

محکمہ ریونیو کی تسلی بخش کارکردگی، افسران کی ترقیاں و تبادلے متوقع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(عامر بٹ سے)پبلک ڈیلنگ محکمہ ریونیوکی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی و تبادلے متوقع ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت کی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر عرفان نواز میمن پبلک ڈیلنگ،دفتری ڈاک اور جوڈیشلی فیصلوں کی مد میں آنے والے کیسز کو نمٹانے میں سب سے زیادہ متحرک نظر آئے ،اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن راؤ امتیاز کی جانب سے دفتری ڈسپلن کی سختی سے پابندی نے تحصیل ماڈل ٹاؤن کی عوام میں خوشی کی لہر پیدا کر دی ہے ۔تحصیلدار ،قانونگو سمیت خود بھی اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کے دفتر میں کی جانے والی ورکنگ اور دفتر میں موجودگی نے کئی کئی ماہ سے پینڈ نگ کاموں کو پہیے لگا دیئے ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عاصم سلیم نے پرچہ رجسٹری قانون پر مکمل عمل درآمد کرکے جہاں تمام بااثر پٹواریوں کو خاموش کروا دیا ہے وہاں انتقالات کی بروقت کاپیاں میسر ہونے پر تحصیل سٹی کی عوام بھی دعائیں دینے میں مصروف ہیں ۔اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ علی شہزاد نے تحصیل رائے ونڈ کے تمام موضع جات کو آن لائن کروا دیا ہے۔آن لائن موضع جات میں آنے والے کھیوٹ ،موٹیشن ایشوز کی درستگی ،آبیانہ ریکوری اور پبلک ڈیلنگ کے تمام کاموں کو بروقت مہیا کرنے کی پریکٹس جاری کرائی جاچکی ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سائرہ حیات گوندل کی جانب سے بھی دفتری ڈاک ،جمع بندیوں کی تکمیل اور ریکارڈ کی درستگی کے حوالے سے اراضی ریکارڈ سنٹر پر جاری کام کی مانیٹرنگ اور بروقت نمٹانے کی پالیسی نے کارکردگی کو نمایاں ظاہر کر رکھا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کی جانب سے بھی وقفے وقفے سے سرکاری زمینوں کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے آپریشن اور بڑے پیمانے پر سرکاری اراضی کو واہ گزار کروانے کے حوالے سے کئے جانے والے کام بھی قابل تعریف بن چکے ہیں ۔صوبائی دارلحکومت میں (ڈسٹرکٹ رجسٹرار ) اے ڈی سی جی اسفند یار بلوچ کی جانب سے بھی رجسٹریشن ،پینڈنگ ریکوری کی مد میں کروڑوں روپے کا ریونیو حکومتی خزانے میں جمع کروا دیا گیا ہے۔جلے ہوئے ریکارڈ کی دوبارہ ویری فکیشن کرتے ہوئے نئے سرے سے ریکارڈ اپ گریڈ کرتے ہوئے عوام الناس کو فوری ریلیف مہیا کیا جارہا ہے جبکہ رجسٹریشن ورک اور فیسوں کی وصولی میں بھی بڑے پیمانے پر ریکوری حکومتی خزانے میں جمع کروائی جاچکی ہے ۔ڈسٹرکٹ سیٹلمنٹ آفیسر لاہور رانا خالد محمود نے جہاں ضلع لاہور کے تمام پچیدہ اور اغلاط سے بھرے ہوئے ریکارڈ کو صاف شفاف کرتے ہوئے سیٹلمنٹ کے تمام موضع جات کو آن لائن کروا دیا ہے جو پنجاب کے تمام بڑے اضلاع کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے ۔تاہم صوبائی دارلحکومت کے تمام تحصیلدار ،قانگو،پٹواریوں کومیٹرو اورنج ٹرین منصوبہ ،اتوار بازار ،گندم سپلائی اور نقشوں کی تیاری کے ساتھ ساتھ پرائس کنٹرول کی اضافی ذمہ داریوں نے جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے ۔جس کی وجہ ریونیو سٹاف کی کثیر تعداد پریشان حال ہے ۔ذرائع سے مزید معلوم ہوا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی انتظامی سیٹوں پر براجمان افسران کی کارکردگی رپورٹ مرتب کی جارہی ہے اور آئندہ چند روز میں تبادلے،ترقی اور نئی جگہ پر پوسٹنگ بھی متوقع ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -