پنجاب ہائی وے افسران کی کروڑوں کی کرپشن، نیب نے خفیہ تحقیقات شروع کر دیں
لاہور (ارشد محمود گھمن) پنجاب ہائی وے مکینیکل مشینری ڈویثرن گلبرگ لاہور کے سب انجینئرعمران شاہ کامحکمہ کے دیگر افسران اور ٹھیکیدارکی مبینہ ملی بھگت سے 9کروڑ روپے سے زائدمالیت کے سفاری پارک رائیونڈ روڈ کے ٹینڈر میں 5کروڑ خوردبرد کرکے قیمتی اثاثے بنانے کا انکشاف ہواہے۔مذکورہ افسران نے مبینہ طور پر پلانٹ روڈ پر ناقص میٹریل ،متعلقہ مشینری کی بوگس لاک بک ،بوگس آؤٹ ٹرن اور جعلی کوٹیشنز بنا کر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے ،مذکورہ سب انجینئر کی کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن نے بھی مبینہ طور پراپنا حصہ وصول کرکے انکوائری سرد خانے کی نذر کردی ۔شہریوں کی درخواست پر نیب نے مذکورہ افسران کے خلاف خفیہ طور پر انکوائری کا آغاز کردیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے شکایت سیل نے بھی شکایات کے انبار لگنے پر نوٹس لیتے ہوئے کارروائی شروع کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سال 2015ء میں حکومت پنجاب نے سفاری پارک رائیونڈ روڈ کی کارپٹ سڑک کے لئے 9کروڑ 50لاکھ روپے کی گرانٹ محکمہ پبلک ہائی وے مکینیکل مشینری گلبرک ڈویژن لاہور کو جاری کی جس کا ٹھیکہ متعلقہ محکمہ نے اپنے من پسند ٹھیکیدار خواجہ انٹر پرائزز فرم کو دے دیا اور اس کے ساتھ ساتھ مذکورہ ٹینڈر کے جاری ہوتے ہی فوری طور پر مبینہ ملی بھگت سے 40لاکھ روپے کی ایڈوانس رقم بھی ٹھیکے دار کو ادا کردی گئی حالانکہ ٹینڈر کی پہلی قسط کام شروع ہونے کے بعد جاری کی جاتی ہے لیکن مذکورہ افسران نے کام شروع ہونے سے پہلے ہی اس رقم کوجاری کرکے آپس میں بندر بانٹ کرلی ۔ذرائع کے مطابق اس سٹرک پر تاحال کام مکمل نہیں کیا جاسکا ہے اور اس کی سٹرکیں ویسی کی ویسی ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ محکمہ کے چیف انجینئر،ایکسیئن ،ایس ڈی او اور سب انجینئر عمران شاہ نے مبینہ ملی بھگت کر کے ٹھیکیدار کو مکمل ٹینڈر کی ادائیگی کردی ہے جس میں کروڑوں روپے سب انجینئر عمران شاہ نے مبینہ طور پراپنی نذر کرلئے۔سب انجینئر عمران شاہ ،سب انجینئر رانا مشتاق دونوں نے مبینہ طور پر کئی فرمزرجسٹرڈ کروا رکھی ہیں جس کے ذریعے یہ پنجاب حکومت کی طرف سے جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے جاری کئے جانے والے فنڈز میں ان فرمز کے ذریعے جعلی ووچر ڈال کر کروڑوں روپے خورد برد کرچکے ہیں اور کروڑوں روپے مالیت کے قیمتی اثاثے ،گاڑیاں ،بنگلے اور پلاٹس وغیرہ کے مالک بن گئے ہیں ۔جب اس بابت موقف دریافت کرنے کے لئے عمران شاہ سب انجینئر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں "پانامالیکس"سکینڈل میں سامنے آنے والے بڑی بڑی شخصیات کا کوئی کچھ نہیں بگاڑاجا سکا تو مجھے بھی کوئی فکر نہیں ہے کیوں کہ میں بھی مبینہ طور اوپر تک حصہ پہنچاتا ہوں ۔