ہڑتالی نرسوں کیخلاف محکمہ صحت کی کارروائی ، نر سنگ سکولز بند اور ہاسٹلز خالی کرنیکا حکم
پشاور( پاکستان نیوز)محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے زیر تربیت نرسوں کی ہڑتال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اُن کے خلاف کاروائی شروع کر دی ہے ، پشاور کے تمام نرسنگ سکولز کو ایک ہفتے کے لئے بند کرکے ہاسٹلز خالی کرنے کا حکم جاری کردیاگیاجبکہ ہڑتال میں حصہ لینے والی اسٹوڈنٹس نرسز کو نرسنگ سکولز سے خارج کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ صوبائی حکومت کی طرف سے نرسز کو تمام تر مالی مراعات دینے اور اُن کی پروموشنز کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے باوجود بعض چارج نرسز نے جمعرات کے روز پشاور میں اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال اور احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کرر کھی تھی اوراُن کاساتھ دیتے ہوئے نرسنگ سکولز میں زیر تربیت سٹوڈنٹس نرسز بھی سڑکوں پر آگئیں جو نرسنگ سکولز کے قوانین اور داخلے کے وقت خود اُن کی طرف سے جمع کردہ حلف نامے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔ ان زیر تربیت نرسز کو اُن کی اساتذہ ، متعلقہ نرسنگ سکولز کی پرنسپلز اور بعض سینئر نرسوں نے اپنی تعداد بڑھانے کے لئے اپنے ساتھ سڑکوں پر لے آئیں ۔ محکمہ صحت کے مطابق والدین اپنی بچیوں کو تعلیم و تربیت کے لئے نرسنگ سکولز میں داخل کرواتے ہیں نہ کہ سڑکوں پر بلا وجہ احتجاج کرنے کے لئے اور ان بچیوں کی صحیح تعلیم و تربیت اور اُ ن کی حفاظت متعلقہ سکولز کے پرنسپلز کی اولین ذمہ داری ہے مگر اُنہوں نے اُن بچیوں کو اپنے مقاصد کے حصول کے لئے سڑکوں پر لے آئیں جو اُن کی طرف سے ایک مجرمانہ اقدام ہے جس کے پیش نظر محکمے کے حکام نے اُن متعلقہ پرنسپلز اور چارج نرسز کے خلاف بھی قانونی کاروائی شروع کر دی ہے ۔ درین اثنا ء محکمہ صحت کے ترجمان نے نرسوں کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کی طرف سے منظور کردہ مالی مراعات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں نرسز کے لئے جتنی مالی مراعات اور فوائد موجودہ صوبائی حکومت نے منظور کئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ حال ہی میں نرسوں کے لئے دس ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے ہیلتھ پروفیشنل الاونس کی منظوری دے دی گئی ہے جس پر سالانہ 66کروڑ روپے لاگت آئے گی ۔ اُنہوں نے بتایا ہے کہ گریڈ 16 کی نرسوں کے لئے ڈریس الاونس 600روپے ماہانہ سے بڑھا کر 3100روپے کردیا گیا ہے جبکہ گریڈ 17 ۱ور اس سے اُپر کی نرسوں کے لئے یہ الاونس 600روپے ماہانہ سے بڑھاکر 2100 روپے کردیا گیا ہے ۔اسی طرح گریڈ 16کی نرسز کا میس الاونس 500روپے ماہانہ سے بڑھاکر 8000روپے کر دیا گیا ہے جبکہ گریڈ 17اور اسے اُپر کی نرسز کا میس الاونس 500روپے ماہانہ سے بڑھاکر 6500روپے کردیا گیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے نرسوں کی پروموشنز کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے نیا سروس سٹرکچر اور سروس رولز منظور کیاہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت سرکاری ہسپتالوں میں نرسز سمیت دیگر طبی عملے کے لئے جوبے مثال مالی مراعات دے رہی ہے اس کامقصد کسی فرد واحد کو مالی فائد پہنچانا نہیں بلکہ سرکاری ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے جس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت کی طرف سے طبی عملے کیلئے اتنا کچھ کرنے کے باوجود بعض عناصر اپنے ذاتی مفادات کے لئے نئے نئے اور ناجائز مطالبات سامنے رکھ کر ہسپتالوں میں ہڑتال کرکے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کررہے ہیں جس کا کوئی جواز نہیں بنتا اور نہ حکومت اسے کسی صورت برداشت کرے گی بلکہ ایسے عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹاجائے گا۔ موجودہ صوبائی حکومت نرسوں کے تمام جائز مطالبات پورے کر چکی ہے اور اُنہیں ہر ممکن مالی مراعات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کو درپیش تمام مسائل حل کر چکی ہے اب اُنہیں چاہیے کہ وہ ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی ہمہ وقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ورنہ اُن کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی