نام نہاد واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال غیر قانونی ہے ، کراچی واٹر بورڈ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نام نہاد واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ناجائز غیر قانونی،غیر منطقی ہے اصل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور ہائیڈرنٹس ایسوسی ایشنز نے واٹربورڈ کے موقف کو حقیقت پر مبنی اور قانون کے مطابق قرار دیدیا اور ہڑتال سے لاتعلق رہی۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ نام نہاد واٹرٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے غیر قانونی ہڑتال کی کال دی گئی تھی تاہم شہریوں کو 7000واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی جارہی رہی جبکہ 12کے 12ہائیڈرنٹس نے معمول کے مطابق کام جاری رہا ، واٹربورڈ معزز عدالت کے حکم کی تعمیل کررہا ہے اور ان کے ہی حکم پر ہائیڈرنٹس اور ٹینکرز کی تعداد کو کم کیا جارہا ہے، ہڑتالی واٹرٹینکرز اتحاد کا مطالبہ ہے کہ سب سوائل پانی کے ہائیڈرنٹس سمیت دیگر نئے ہائیڈرنٹس کھولے جائیں ان کا یہ مطالبہ غیر منطقی ،غیر قانونی اور شہریوں کے مفاد کے خلاف ہے۔ مذکورہ عناصر جوہڑوں اور زیرزمین مضر صحت پانی ٹینکروں میں بھر کر شہریوں کو منہ مانگے دام فروخت کررہے ہیں ،یہ عناصر شہریوں کو فراہم کیا جانے والا پانی بھی چوری کرکے فروخت کرتے پائے گئے ہیں واٹربورڈ کا موقف اور اقدامات قانونی ,شہریوں کے مفاد میں اور معزز عدالت کے احکامات کی روشنی میں ہیں، یہی وجہ ہے کہ اصل واٹرٹینکرز ایسوسی ایشن اور ہائیڈرنٹس ایسوسی ایشن کے رہنماؤں بلال احمد ، غلام نبی اور شیرو بلوچ نے واٹربورڈ کے موقف کو درست تسلیم کیا ہے اور واٹربورڈ کے ساتھ کھڑے ہوکر واٹرمافیا سے لاتعلقی کا اعلان کرچکے ہیں،دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے ایک بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہریوں کو مضر صحت غیر معیاری پانی کی فروخت کی حوصلہ شکنی کی جاتی رہے گی ، واٹربورڈ شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لئے معمول کے مطابق کام کررہا ہے،انہوں نے کہاکہ واٹربورڈ ایک شہری ادارہ ہے اور شہریوں کی خدمت جاری رکھے گا ۔