کے الیکٹرک نوٹس دیئے بغیر کنکشن منقطع کررہا ہے،پیپلزپارٹی

کے الیکٹرک نوٹس دیئے بغیر کنکشن منقطع کررہا ہے،پیپلزپارٹی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے رہنما نجمی عالم، سردار خان،اظہار الحق حسن زئی اور لطیف آرائیں نے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں میں نوٹس دیے بغیر رہائشی علاقوں میں ہزاروں اپارٹمنٹس کی بجلی منقطع کردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ کی جانب سے ایسے بڑے آپریشن رمضان المبارک سے چند دن قبل ہی کیے جاتے ہیں جس سے شہریوں کو شدید اذیت پہنچائی جاتی ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے بجلی چوری اور کنڈا سسٹم کے خلاف کارروائی کے دوران ایسے صارفین کو بھی تختہء مشق بنانا شروع کردیا ہے جو باقائدگی سے بجلی کا بل ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کا عملہ بجلی چوری کروانے میں براہ راست ملوث ہے کیونکہ ان کی آشیرباد کے بغیر بجلی چوری نہیں کی جاسکتی۔ انھوں نے کہا کہ ایک طرف رمضان المبارک کی آمد آمد ہے تو دوسری جانب بجلی نہ ہونے سے لاکھوں شہری پانی کی قلت سے دوچار ہیں جس کی براہ راست ذمہ داری کے الیکٹرک پر عائد ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پی پی پی کئی سالوں سے خبردار کرتی چلی آرہی ہے کہ کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں کو حکومت کے خلاف صف آراء کرنے کے مشن پر گامزن ہے تاکہ شہر میں فساد ہوں اور ملکی ترقی کا پہیہ رک جائے۔ انھوں نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کے الیکٹرک کو لگام دے وگرنہ شہر میں انتشار و احتجاج سے وفاقی حکومت بھی محفوظ نہیں رہے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر