تھر قحط زدہ ہے ،لوگ خودکشیاں کررہے ہیں ،اسماعیل راہو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کاصحرائی ضلع تھر قحط زدہ ہے ،لوگ خودکشیاں کررہے ہیں ، خواتین میں خود کشی کے رجحان میں تشویشناک اضافہ سندھ حکومت پرسوالیہ نشان ہے،سندھ کے حکمراں ہرمسئلے کوسیاسی نظرسے نہ دیکھیں پسماندہ علاقوں کوبھی ترجیح دیں ان خیالات کااظہارمسلم لیگ ن سندھ کے صدرورکن سندھ اسمبلی محمداسماعیل راہواورسیکریٹری اطلاعات محمداسلم ابڑونے میڈیاہاؤس کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا،اسماعیل راہونے کہاکہ صوبہ سندھ کے قحط زدہ صحرائی ضلع تھرپارکر میں خواتین میں خود کشی کے رجحان میں تشویشناک اضافہ ہوا ایک سروے کے مطابق ڈھائی سال میں 115 خواتین اور مردوں نے خود سے موت کو گلے لگایا، مستقل کئی سالوں سے جاری قحط نے تھر کے علاقے میں تباہی مچا رکھی ہے مگرسندھ کے حکمراں ہرمسئلے کوسیاسی نظرسے دیکھ کراسے نظراندازکردیتے ہیں ، سیکریٹری اطلاعات محمداسلم ابڑونے کہاکہ حالیہ چند ماہ میں اس علاقے میں خود کشی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ غربت ہے سندھ حکومت کو مذکورہ واقعات کے محرکات کے حوالے سے تحقیقات کرنی چاہیے،ان کاکہناتھاکہ حکمراں ہرایشوکوسیاسی نہ بنائیں سندھ کے پسماندہ علاقوں کے مسائل پربھی توجہ دیں۔