عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان پاکستان میں انٹر نیشنل باکسنگ کو لے آئے

عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان پاکستان میں انٹر نیشنل باکسنگ کو لے آئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے پاکستان میں بدھ کے دن اپنے بھائی ہارون، ہیری کنگ خان سمیت سات عالمی شہرت یافتہ باکسرز کے درمیان باکسنگ کے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ HBL سپر اسٹار باکسنگ ایونٹ عامر خان ٹرسٹ کی جانب سے فنڈز جمع کر کے تھر کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن بنانے کی ایک کوشش ہے۔اس کے ساتھ ساتھ عامر خان ٹرسٹ باکسنگ کلچر کو سپورٹ اور پاکستان میں بین الاقوامی ایونٹ کی حوصلہ افزائی کرے گا۔فن، ثقافت، تعلیم، کھیل اور دوسری تفریحی سرگرمیوں کو سپورٹ کرنے والے حاشو گروپ نے اس سپر اسٹار باکسنگ ایونٹ کی بھی تشہیر کا قدم اُٹھایا ہے۔ حاشو گروپ جس کے زیر سایہ پاکستان میں پرل کانٹی نینٹل ،ہوٹل ون اور میریٹ ہوٹل ہیں، اس ایونٹ کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہا ہے۔ حاشو گروپ کے وائس پریذیڈنٹ آپریشنز حسیب اے گردیزی نے اس موقع پر کہا کہ حاشو گروپ پاکستان میں ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں کی پروموشن میں ہمیشہ سے ہی گہری دلچسپی لیتا رہا ہے اور اس ایونٹ کی اہمیت اور عظیم مقصد کو دیکھتے ہوئے گروپ عامر خان ٹرسٹ کیلئے رقم اکٹھا کرنے اور ملک میں باکسنگ کی مقبولیت کے لیے انتہائی بلند حوصلے اور فعال طریقے سے اس ایونٹ میں شرکت کر رہا ہے۔اصل فائٹ کراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں ہو گی جہاں سات انٹرنیشنل باکسر تاصف خان، گلاغر ڈیل، جوڈی میکل، اسٹورٹ میڈکس، فرانسس پیٹر ڈگلس کروس، ہارون خان اور فل ٹاؤن لی مقابلوں میں شرکت کریں گے۔اس اقدام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حبیب بینک لمیٹیڈ کے چیف مارکیٹنگ آفیسر نوید اصغر نے کہا کہ HBL نے پاکستان میں ہمیشہ کھیلوں کو سپورٹ اور پروموٹ کیا۔ یہ صرف ملک میں انٹرنیشنل مقابلہ ہی نہیں بلکہ پاکستان میں باکسنگ کی بحالی کا بہت بڑا سنگ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس کی سپورٹ جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں جو نہ صرف محروم طبقے کیلئے امدادی رقم جمع کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ ساتھ ساتھ نوجوانوں کو اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے حوصلہ افزائی کا ایک احصاس بھی فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں بھرپور مدد فراہم کرنے پر پرل کانٹی نینٹل ہوٹل کراچی کا شکریہ بھی ادا کیا۔اس چیریٹی ایونٹ میں شرکت کیلئے آنے والے بین الاقوامی باکسرز کے دورے کیلئے برطانیہ اور جمہوریہ آئرلینڈ کی برٹش اینڈ آئرش باکسنگ اتھارٹی(BIBA) نے بھی سپورٹ کیا ہے۔BIBA کے کوچز اور ریفری بھی اس ایونٹ کا حصہ ہوں گے۔ اس اقدام کو مزید پروموٹ کرنے کیلئے عامر خان نے 31 مئی کو ڈولمِن مال کلفٹن کا دورہ کیا اور اپنے مداحوں کے ساتھ گفتگو کی جس کے بعد انہوں نے یکم جون کو پریس کانفرنس کے بعد فریئر ہال کا بھی دورہ کیا۔اصل فائٹ نائٹ2 جون کو کراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں شیڈول ہے۔ ایونٹ کا آغاز ریڈ کارپٹ سے ہو گا جس کے بعد عامر خان اپنے خطاب میں شائقین کو خوش آمدید کہیں گے اور مڈل ویٹ باؤٹ، بینٹم ویٹ باؤٹ اور کروزر ویٹ باؤٹ کے میچز شامل ہیں۔ اس ایونٹ میں عامر خان کی یادگار اشیا اور تحائف کی نیلامی بھی کی جائے گی اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی چیریٹی کو دی جائے گی۔اصل فائٹ نائٹ کی میزیں فی کس ڈیڑھ لاکھ میں فروخت کی جائیں گی۔ مین فائٹ نائٹ ایونٹ کی تمام آمدنی عامر خان ٹرسٹ کو دی جائے گی جو اسے تھر میں پانی کے کنوؤں کی تعمیر کیلئے استعمال کرے گی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور انہیں کھیلوں کی دنیا میں صحیح رہنمائی اور مواقعوں کی کمی ہے۔ اس کا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل باکسنگ کو لانا اور ملک میں عالمی معیار کی باکسنگ کی تفریح کی ترویج دینا ہے۔ عامر خان فاؤنڈیشن غربت کے خاتمے اور پسماندہ اور محروم طبقے کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے دنیا بھر میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھر میں پانی کی کمی اور غربت جیسے متعدد افسوسناک حالات کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اموات ہوئی ہیں۔ اس اقدام کے ساتھ ہم نے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور ہمارے پارٹنرز اور اورڈونرز کے بہترین ردعمل نے اس مقصد کومزید اعلیٰ مقام پر پہنچا دیا۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا بھٹوا بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اس اقدام کی مکمل حمایت کی جبکہ سندھ رینجرز نے عامرخان اور ان کی ٹیم کو دورے کے دوران مکمل سیکیورٹی کی سہولت فراہم کی۔پاکستان میں صف اول کی فوڈ کمپنیز میں سے ایک نیشنل فوڈز اس شاندار ایونٹ کی آفیشل فوڈ پارٹنر تھی۔ نیشنل فوڈز کے چیف ایگسیکٹیو آفیسر ابرار حسن نے ہمیشہ ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی ہے جو ترقی پسند پاکستان کی عکاسی کریں۔J. Fragrances کے سی ای او سہیل حامد خان بھی ایونٹ کی سپورٹ کیلئے کافی متحرک رہے اور انہوں نے عامر خان کی پاکستان میں باکسنگ کے کھیل کی ترقی اور پانی کے کنویں بنانے کی کوششوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس ناصرف مقامی بلکہ عالمی مقاصد کی تکمیل کا سبب بھی بنیں گے۔