صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے ، سکندر شیر پاؤ

صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے ، سکندر شیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے سینئروزیر برائے سماجی بہود وآبپاشی سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور ان پر تشدد کے خاتمے کے سلسلے میں پوری طرح پرعزم ہے اوراس ضمن میں متعدد قوانین بنانے پرکام جاری ہے جبکہ صوبائی کمیشن برائے وقار نسواں کومزید خودمختار بنایا جارہاہے اور صوبے میں خواتین کو بااختیار بنانے کی غرض سے2015 میں وومن ایمپاورمنٹ پالیسی بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ جرمن حکومت صوبے میں گڈ گورننس کے ساتھ ساتھ سماجی بہبود ،خصوصی تعلیم اور خواتین کی ترقی کے شعبوں میں مدد فراہم کررہی ہے جو ایک احسن اقدام ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں خواتین پر تشدد کے تدارک کے حوالے سے منعقد ہ کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا جس کااہتمام جرمنی کے ترقیاتی ادارے جی آئی زیڈنے کیا تھا۔ کانفرنس میں محکمہ سماجی بہبوداوروومن کمیشن کے اعلیٰ حکام ،سماجی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اوردیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے خواتین حضرات نے شرکت کی۔ سیمینار سے جی آئی زیڈکے نمائندہ کرسٹین کیفینسٹینر(Christain Kapfensteiner)،پشاوریونیورسٹی کے شعبہ صحافت وتعلقات عامہ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر الطاف اللہ اوررکن صوبائی معراج ہمایون خان، وومن کمیشن کی چیئرپرسن نیلم طورواورسیکرٹری سماجی بہبودسید عبدالجبارشاہ کے علاوہ جرمن سفارت خانے کی نمائندہ ودیگر نے خطاب کیا اورخواتین پر تشددکے خاتمے کی غرض سے اپنے تجاویز وآراء پیش کیں۔واضح رہے کہ جرمن ترقیاتی ادارہ جی آئی زیڈنے خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ سماجی بہبود کے شعبے میں باہمی تعاون کے ایک پراجیکٹ پر کام کیا جس کی تکمیل پر مذکورہ کانفرنس کاانعقاد کیا گیا تھا او راس پراجیکٹ میں حاصل کئے گئے مطلوبہ مقاصد پر کانفرنس روشنی ڈالی گئی ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سکندرشیرپاؤ نے کہاکہ خواتین پر تشدد ترقی اورصنف برابری کے مقاصد کوحاصل کرنے کی راہ میں ایک رکاوٹ ہے اوراسکی وجہ بنیادی انسانی حقوق پامال ہوتے ہیں جس کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند دہائیوں سے ہماراصوبہ کئی چیلنجوں کاشکاررہاہے جن میں کم وسائل ،دہشت گردی اورسیاسی بحرانوں نے ہمارے سماجی اقدار اورثقافت کو بری طرح متاثرہ کیاہے تاہم ان تمام چیلنجزکے باوجود حکومت خواتین پر تشدد کے خاتمے کے سلسلے میں پوری طرح مستعدہے اوراس ضمن میں گھریلوں تشدد کے خاتمے ،تیزاب پھینکے اورجلانے کو کنٹرول کرنے ،کم عمری کی شادی سمیت متعدد قوانین کے بنانے پرکام جاری ہے ۔انہوں نے خیبرپختونخواحکومت کے ساتھ سماجی شعبوں میں نمایاں تعاون فراہم کرنے پرجرمن حکومت کاشکریہ ادا کیا اورامیدظاہرکی کہ صوبائی حکومت کے ساتھ جرمن حکومت آئندہ کے لئے بھی تمام شعبوں میں اپناتعاون برقرار رکھے گی۔