ماڈل گرل ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماڈل گرل ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ نے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا ۔ ایان علی نے عدالتی فیصلے کے بعد دوبارہ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت نے سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے بعد نام ای سی ایل میں شامل کرکے توہین عدالت کی ہے ۔ اس لئے متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرکے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے ۔ حکومت نے اس درخواست کے جواب میں موقف اختیار کیا تھا کہ عدالتی فیصلوں کے مطابق ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کر دیا گیا تھا لیکن نادہندہ ہونے کے باعث ان کا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کیا گیا ۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا اورجمعرات کو فیصلہ سناتے ہوئے ماڈل گرل ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ای سی ایل سے نام خارج کرنے کا حکم دیا ۔