پاکستانی امن مشن اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے ’پاکستان کبھی نہ بھولو‘ویب سائٹ لانچ،بان کی مون کی خصوصی شرکت

پاکستانی امن مشن اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے ’پاکستان کبھی نہ ...
پاکستانی امن مشن اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے ’پاکستان کبھی نہ بھولو‘ویب سائٹ لانچ،بان کی مون کی خصوصی شرکت

  

جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ’پاکستان امن مشن اہلکاروں ‘کا دن منایا گیا۔(Never Forget Pakistan)’پاکستان کبھی نہ بھولو‘ نامی اس تقریب میں پاکستان مشن کے تعاون سے پاکستانی امن مشن اہلکاروں کی شہادتوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پہلی بار خصوصی ویب سائٹ لانچ کی گئی۔ویب سائٹ میں عام پاکستانی شہریوں،فوجی اور پولیس افسروں اور دہشت گردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والوں کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

اس موقع پر حکام کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مہمانوں کی بڑٰ ی تعداد نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون اور اقوا م متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس موقع پر’پاکستان کبھی نہ بھولو‘کی نمائندگی اس مہم کے سرکردہ محمد جبران ناصر نے کی۔تقریب میں خواتین اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا گیا جبکہ اس موقع پر ڈی ایس پی شہزادی گلفام بھی موقع پر موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے کہا ہے کہ1960 میں افریقی ملک کانگو میں پہلی بار امن فوج میں تعیناتی کے بعد سے اب تک پاکستان سب سے زیادہ مستقل مزاج اور با اعتماد حصہ دار ثابت ہوا ہے۔

ویب سائٹ پیش کرتے ہوئے جبران ناصر کا کہنا تھا کہ اگرچہ عالمی میڈیا میں پاکستان کی دہشت گردوں کے خلاف امن کے حصول کیلئے جنگ کا تذکرہ اکثر ملتا ہے تاہم عالمی میڈیا اس بات کو اجاگر کرنے میں ناکام ہو چکا ہے کہ پاکستان گزشتہ 56سالوں سے 42مشن کے ذریعے دنیا کے23ممالک میں حصول امن کیلئے کوشاں ہے۔

پاکستان ایک لاکھ 69ہزار اہلکاروں کے ساتھ اقوام متحدہ کے امن مشن کا دنیا بھر میں تیسرا بڑا حصہ دار ہے جس کے 7 مشنز میں اس وقت 7 ہزار سے زیادہ فوجی اور پولیس اہلکار خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ویب سائٹ پر پاکستانی امن مشن اہلکاروں کی تفصیلات ،تصاویر کا بڑا مجموعہ اور تاریخ موجود ہے ۔ویب سائٹ کا مقصد دنیا بھر میں قیام امن کیلئے پاکستانی امن مشن اہلکاروں کی خدمات کو اجاگر کرناہے۔ویب سائٹ کی تیاری میں پاکستان کبھی نہ بھولو کی ٹیم کے اراکین سرمداحسن،بتول عقیل،مدیحہ ،فیصل خان،سبحان غنوی اور ارسلان رٖئوف نے جانفشانی سے کام کیا۔

مزید :

بین الاقوامی -