پاکستانی سکیورٹی فورسز کنڑ میں تنصیبات قائم کر رہی ہیں: افغان حکام کا الزام
کابل (آئی این پی) افغان حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز مشرقی صوبہ کنڑ میں اپنی تنصیبات قائم کررہی ہیں اور جنگلات کی کٹائی شروع کر دی ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ کنڑ کی صوبائی کونسل کے سربراہ جمال الدین نے اسد آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز صوبہ کنڑ میں سینکڑوں میٹر افغان علاقے میں گھس گئی ہیں اور وہاں فوجی تنصیبات قائم کرنی شروع کردی ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے علاقے میں جنگلات کی کٹائی بھی شروع کر دی ہے جسے پاکستان لے جایا جا رہا ہے۔ صوبائی کونسل کے سربراہ نے حکومت پر زور دیا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے معاملے کو بین الاقومی سطح پر اٹھایا جائے۔