پاکستان کو ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر جلد فراہم کردئیے جائیں گے: روسی سفیر
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی دیدوف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایم آئی 35 کثیر المقاصد ہیلی کاپٹر جلد فراہم کردئیے جائیں گے۔ کراچی سے لاہور تک گیس پائپ لائن کے تعمیراتی منصوبے پر بھی جلد کام کا آگاز ہوگا۔ روس وعدے کے مطابق پائپ لائن منصوبے کیلئے دو ارب ڈالر فراہم کرے گا۔ روس شنگھائی تعاون تنظیم فریم ورک کے تحت پاکستان کے ساتھ تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، روس کی خارجہ پالیسی میں جنوبی ایشیا میں پاکستان کو اعلیٰ مقام حاصل ہے۔ یہ باتیں انہوں نے روس کے قومی دن کے موقع پر یہاں منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کتے ہوئے کہیں۔ روس کے سفیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو ایم آئی 35 ہیلی کاپٹروں کی فراہی اور کراچی سے لاہور تک گیس پائپ لائن بچھانے کے معاہدوں پر عملدرآمد میں کوئی رکاوٹ نہیں، بہت جلد کثیر المقاصد جنگی ہیلی کاپٹر پاکستان کو فراہم کردئیے جائیں گے۔