پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ
کراچی (این این آئی) وفاقی حکومت کی جانب سے 4 جون 2015ءکو جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم دسمبر 2016ءسے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہوجائے گی۔ اس لئے اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام باقی رہ جانے والے 10،50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کو مرحلہ وار ختم کردیا جائے گا۔ 5 روپے کے نوٹ اور پرانے ڈیزائن کے 500 روپے کے نوٹ کی قانونی حیثیت پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔
روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بینک دولت پاکستان نے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ کی سیریز جاری کی تھی جس کا آغاز 2005ءمیں 20 روپے مالیت کے بینک نوٹ کے اجرا سے ہوا تھا اور اس کا مقصد بینک نوٹوں کی سکیورٹی، پائیداری اور جمالیاتی معیار میں بہتری لانا تھا۔ آٹھ مختلف مالیتوں پر مشتمل نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی مکمل سیریز 5 روپے، 10 روپے، 20 روپے، 50 روپے، 500 روپے، 1000 روپے اور 5000 روپے کے اجراءکا عمل 2008ءمیں مکمل ہوا تھا۔ کمرشل اور مائیکروفنانس بینک 30 نومبر 2016ءتک 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی وصولی اور ان تمام مالیتوں کا اتنی ہی مالیت کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں اور سکوں سے تبادلہ جاری رکھیں گے تاہم ایس بی پی بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر 31 دسمبر 2021ءتک عوام سے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹ قبول کرتے رہیں گے۔ بینکوں میں پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کے تبادلے کا آخری دن 30 نومبر 2016ءہے۔ پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کی قانونی حیثیت یکم دسمبر 2016ءسے ختم ہوجائے گی جبکہ ایسے تمام بینک نوٹوں کے ایس بی پی بی ای سی کے فیلڈ دفاتر سے تبادلے کا آخری دن 31 دسمبر 2012ءہے۔