سائنس و ٹیکنالوجی ریسرچ ڈویژن کی جاری اور نئی سکیموں کیلئے ایک ارب 77 کروڑ 68 لاکھ 72 ہزار روپے کے فنڈز مختص
اسلام آباد (آن لائن) آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سائنس و ٹیکنالوجی ریسرچ ڈویژن کی جاری اور نئی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر ایک ارب 77 کروڑ 68 لاکھ 72 ہزار روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو جاری ہونے والے پی ایس ڈی پی کے اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں پی سی ایس آئی آر لیارٹریز کمپلیکس میں آزمائشی سہولیات کو جدید بنانے کیلئے 4 کروڑ 18 لاکھ 5 ہزار روپے، پشین میں آبی وسائل کے انتظام کے منصوبے کیلئے 2 کروڑ روپے اور اسلام آباد میں ٹیکنالوجی پارک کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈی کیلئے 5 کروڑ 36 لاکھ 50 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر جاری سکیموں پر ایک ارب 69 کروڑ 32 لاکھ 22 ہزار روپے اور نئی سکیموں پر 8 کروڑ 36 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ کئے جائیں گے.