توانائی کے شعبے میں ایسی سرمایہ کاری کررہے ہیں ٗجس سے عوام کو لوڈشیڈنگ سے مکمل نجات مل جائیگی :اسحاق ڈار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحق ڈار نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں ایسی سرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے ٗکئی سالوں سے جاری لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات مل جائیگی ۔
قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوری حکومت کا چوتھا بجٹ پیش کیا ہے، ہم توازن ، اعتماد اور مضبوط جذبے کیساتھ اپنے دور کے چوتھے سال میں داخل ہو رہے ہیں، معیشت کی تقریبا ہر جہت بشمول گروتھ ریٹ میں اضافہ، افراط زر کی کمی، مالی نظم وضبط ، ٹیکس محصولات میں اضافہ، مستحکم شرح مبادلہ، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور ایک مستحکم ایکسٹرنل اکاؤنٹ بہتر ہو رہی ہے، ہمارے سب سے بڑے نقاد بھی معیشت کے استحکام کا اعتراف کرتے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری کا آغاز ہوچکا ہے جس میں سی پی ای سی کی سرمایہ کاری بھی شامل ہے اور اس کے علاوہ بھی کئی منصوبے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ یہ کامیابی ہمارے لوگوں کی صلاحیت سے کم ہے، بے شک ہماری منزل تو یہ ہے کہ اپنے لوگوں کو ان کے خواب اور امنگوں کو پورا کرنے کا موقع دیا جائے، ہم ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کررہے ہیں جس میں ان خوابوں کی تعبیر ممکن ہوسکے گی،اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم توانائی کے شعبے میں ایسی سرمایہ کاری کررہے ہیں، جس سے ملک میں کئی سالوں سے جاری لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائیگی ، بڑھتی ہوئی طلب کے مطابق گیس میسر ہوگی ، آبادی کی تعلیم اور صحت کی ضروریات کیلئے خاطر خواہ سکول ٗ یونیورسٹیاں ٗ ڈسپنسریاں اور ہسپتال موجود ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ بنیادی سہولتوں کا فقدان اور اندھیرے ہمارے تقدیر نہیں ہم ایک اسلامی ملک اور ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہیں ہمیں ایک مضبوط اور خوشحال معیشت کی ضرورت ہے یہی ہمارا حتمی مطمع نظر ہے جس کیلئے ہم نے ایک مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے اور ہم اس راستے پر چلتے رہیں گے ۔