فلسطینی خاتون رکن پارلیمنٹ کو اسرائیلی جیل سے رہا کرنے کا اعلان
رام اللہ(صباح نیوز)اسرائیلی حکام نے فلسطینی قانون ساز کونسل (پارلیمنٹ)کی خاتون رکن خالدہ جرار کو گزشتہ روز رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پندرہ ماہ جیل کاٹنے والی رکن پارلیمنٹ کو طولکرم شہر کے نزدیک جبارہ چیک پوسٹ پر رہا کیا جائیگا۔بائیں بازو کی فلسطینی تنظیم "پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف پیلیسٹائن" کے سیاسی بیورو کی رکن خالدہ جرار کو گزشتہ سال 2 اپریل کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر البیرہ میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اسرائیلی عدالت نے خالدہ کو 15 ماہ قید اور 10 ہزار شیکل 2600 (ڈالر)جرمانے کی سزا سنائی تھی۔2006 میں قانون ساز کونسل کی رکن منتخب ہونے والی 50 سالہ خالدہ کو اس سے قبل قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے 1989 میں بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسرائیلی فوج 2006 کے بعد سے فلسطینی قانون ساز کونسل کے نصف سے زیادہ ارکان کو گرفتار کر چکی ہے جن میں اکثریت کا تعلق حماس تنظیم سے ہے۔