پیمرا شکایات کونسل سندھ کا چینل - 24پر دس لاکھ روپے اور سمائٹی وی پر دو لاکھ روپے جرمانہ

پیمرا شکایات کونسل سندھ کا چینل - 24پر دس لاکھ روپے اور سمائٹی وی پر دو لاکھ ...
پیمرا شکایات کونسل سندھ کا چینل - 24پر دس لاکھ روپے اور سمائٹی وی پر دو لاکھ روپے جرمانہ

  

اسلام آباد(آن لائن) پیمرا شکایات کونسل سندھ کا 32واں اجلاس پروفیسر انعام باری کی زیر صدارت پیمرا ریجنل آفس کراچی میں منعقد ہوا۔کونسل نے شاہد حیات، ڈائریکٹر ایف آئی اے کی میسرز سنٹرل میڈیا نیٹ ورک (پرائیویٹ) لمٹیڈ (چینل- 24)کیخلاف شکایت پر فریقین کا موقف سنتے ہوئے چینل- 24 پر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کر نے کی سفارش کی اور تردید اور معذرت نشر کرنے کا حکم دیا۔ کونسل نے چینل کی جانب سے دوبارہ ایسی خلاف ورزی اور فیصلے کی عدم تعمیل پر پیمرا قوانین کے تحت چینل کے لائسنس کی منسو خی کی بھی سفارش کی ہے۔ کونسل نے میسرز جاگ براڈکاسٹنگ سسٹم پرائیویٹ لمٹیڈ (سمائٹی وی) کی جانب سے براہِ راست نشریات کے دوران قندیل بلوچ کے وزیرِاعظم پاکستان کے خلاف قابلِ اعتراض ریمارکس نشر کرنے پر چینل پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی ہے۔سمائٹی وی اس معاملے میں پہلے ہی معافی نشر کر چکا ہے۔ کونسل نے میسرز سدرن نیٹ ورکس لمٹیڈ، کراچی کا اتھارٹی کی اجازت کے بغیر مینجمنٹ تبدیل کرنے پر ایم ایم ڈی ایس MMDS)) لائسنس منسوخ کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ کونسل نے چینل- 92اور K-21 کو حساس نوعیت کے معاملات کی رپورٹنگ کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایت ایس ایس پی کورٹ پولیس اور انور منصور خان کی شکایت کی سماعت کے بعد کی گئی۔ کونسل نے میسرز شو ٹائم کیبل نیٹ ورک، کراچی کے کیس کا جائزہ لیتے ہوئے مذکورہ کیبل آپریٹرکی جانب سے بقایاجات کی ادائیگی اور قانونی تقاضوں کو پورا کرنے پر لائسنس کی تجدید کی سفارش کی ہے۔ اجلاس میں دیگر کونسل ممبران بشمول محترمہ حوری نورانی، فرہاد زیدی، محترمہ انجم آرا، محترمہ لال ماجد سلطان خواجہ اور اشفاق جمانی (آر جی ایم /سیکرٹری کونسل) بھی موجود تھے۔

مزید :

اسلام آباد -