بجٹ غریب دوست ہے، مقصد اپوزیشن کے بجائے عوام کو ریلیف دینا ہے: ماروی میمن
اسلام آباد(اے پی پی) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن اور وزیر مملکت ماروی میمن نے کہا ہے کہ بجٹ 2016-17ئغریب دوست بجٹ ہے جس کا مقصد اپوزیشن کے بجائے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے۔
جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر مالی سال 2016-17کے بجٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے کوشاں ہیں جس کے مثبت اثرات ملکی معیشت کے تمام شعبوں میں نمایاں طور پر نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ خسارہ کم ہوا ہے اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ملکی معیشت کے مثبت اشاریوں کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت مستحکم ہوگی تو غربت میں کمی آئے گی اور غریب عوام کو ریلیف ملے گا۔ ملازمت پیشہ‘ کاروباری افراد اور اس ملک کے متوسط اور غریب طبقات کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زور و شور سے کامیابی دکھا رہے ہیں اور دکھائیں گے۔ اپوزیشن کا کام تنقید کرنا ہے تاہم انہیں مثبت تنقید کرنی چاہیے۔ ماروی میمن نے کہا کہ حکومت کا چوتھا بجٹ غریب دوست ہے جس سے عوام مطمئن ہوں گے۔