محکمہ صحت کی اصلاحات میں رکاوٹ بننے والے ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی : عمران خان
پشاور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ محکمہ صحت اصلاحات میں رکاوٹ بننے والے ڈاکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت محکمہ صحت میں اصلاحات کے عزم پر کاربند ہے ‘ اس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ‘ شعبہ صحت کی اصلاحات میں رکاوٹیں ڈالنا عوام سے زیادتی ہے۔دوسری جانب صوبے کے انصاف ڈاکٹرز فورم اور ہیلتھ کمیونٹی نے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کو محکمہ صحت اصلاحات کے خلاف سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز اپنے مفادات کیلئے ہڑتال کر رہے ہیں ان کو مریضوں سے کوئی ہمدردی نہیں۔ ادھر انصاف ڈاکٹر ز فورم کے صدر جواد واصف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر برکی امریکہ سے سالانہ کروڑوں روپے قوم کی خدمت پر خرچ کر رہے ہیں ‘ اس لئے ہم عوام پر یہ عیاں کردینا چاہتے ہیں کہ جو نظام ڈاکٹر برکی نے متعارف کرایا ہے ‘ یہ غریب عوام کیلئے بہترین ہے ‘ آج ہم یہ بات بتا دینا چاہتے ہیں کہ چند ڈاکٹر جو احتجاج کر رہے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ۔واضح رہے کہ دو روز قبل خیبر پختونخوا کے ینگ ڈاکٹرز نے اپنے احتجاج میں تیزی لاتے ہوئے صوبے کے سب سے بڑے طبی مرکز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی او پی ڈی کو تالے لگا دیئے تھے ‘ احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز پروفیشنل ہیلتھ الاؤنس ‘ سرو س سٹرکچر اور جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز کے لئے معاوضے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔