بہترین بجٹ پیش کیا گیا ، مسلم لیگی خواتین ، عوام اور سرکاری ملازمین کو بہت مایو س کیا : اپوزیشن لیڈر

بہترین بجٹ پیش کیا گیا ، مسلم لیگی خواتین ، عوام اور سرکاری ملازمین کو بہت ...

لاہور(دیبا مرزا سے)بجٹ 2017-2018 کے حوالے سے مسلم لیگ( ن) کی خواتین راہنماؤں اور ارکان پنجا ب اسمبلی ڈاکٹر فرزا نہ نذیر ،بیگم ذکیہ شاہ نواز،حنا پرویز بٹ ،صفیہ اسحاق ، عظمیٰ زعیم قادریبی بی وڈیری اور دیگرنے پنجاب کے بجٹ کو تاریخ کا بہترین بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی امنگوں سے بھی بڑھ کر عوام دوست بجٹ ہے ،سوشل سیکٹر سمیت تعلیم ،صحت ،خواتین کے سیکٹرمیں بھی خصو صی بجٹ رکھا گیا ہے جن کے خوش آئند نتائج عوام کے سا منے بہت جلد آئیں گے ۔ روز نا مہ ’’پا کستان ‘‘سے بجٹ کے حوالے سے خصو صی گفتگو کر تے ہو ئے ڈاکٹر فرزا نہ نذیر نے کہا کہ حکومت نے عوام کی امنگو ں سے بھی بڑھ کر ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے ایک خطیر رقم رکھی گئی ہے۔بیگم زکیہ شاہ نواز نے کہا کہ حکومت نے اپنے پانچویں بجٹ میں ہر سیکٹر کا خصوصی خیال رکھا ہے اور ہر شعبے کی بہتری اور ترقی کے لئے ان کی ضروریات کو سامنے رکھ کر ایک اچھی رقم مختص کی گئی ہے۔تحسین فواد نے کہا کہ اپوزیشن نے بجٹ تقریر کو پڑھے اور دیکھے بغیر ہی احتجاج شروع کردیا اور روائتی انداز میں بجٹ کی تقریر والی کاپی کو پھاڑ کر ثابت کیا کہ انہیں پنجاب کے عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔شہزادی کبیر نے کہا کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پنجاب ترقی کرے ان کا ایجنڈا پنجاب کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنا ہے اگر اپوزیشن کو عوام سے محبت ہوتی تو وہ بجٹ تقریر کو تحمل سے سنتے اور پھر اپنا ردعمل دیتے ۔صفیہ اسحاق نے کہا کہ چونکہ عوام کے اندر ہماری حکومت کی مقبولیت بڑھ رہی ہے اس کی وجہ سے اپوزیشن کو یہ پریشانی لاحق ہے کہ ان کا کیا بنے گا اسی پریشانی میں وہ حکومت کے ہر اچھے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ مدیحہ رانا اور عظمیٰ زعیم قادری نے کہا کہ پنجاب کے عوا م کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق بجٹ پیش کیا گیا ہے جس میں جنوبی پنجاب کیلئے بھی ایک بہت بڑا بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔نسرین نوا ز نے کہا کہ آج کے بجٹ نے عوام کے دل جیت لئے ہیں اور ملازمین کے بنیادی سکیل کو سامنے رکھ کر اس میں اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ طبقہ بہت خوش ہے اور حکومت کو دعائیں دے رہا ہے۔ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے راہنماؤں اور مختلف یونین کونسلوں کے چئیرمینوں نے بھی پنجاب کے بجٹ کو ایک متوازن اور بہترین عوام دوست بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلا شبہ پنجاب حکومت نے اس بجٹ میں ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا ہے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کرکے ان کے دل جیت لئے ہیں اور اس اضافے سے سرکاری ملازمین کے اندر خوشی کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے۔ سینئر رہنما و چےئرمین یونین کونسل 35حاجی محمد حنیف‘ یونین کونسل 34 کے چےئرمین عارف نسیم کاشمیری اور چےئرمین یونین کونسل 38چودھری محمد اسلم ‘ممبر خالد کھوکھر‘ اور عارف حمید بٹ نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجا ب نے بہترین بجٹ پیش کرکے پنجاب کے عوام کے دلوں کو جیت لیا ہے ۔صحت ‘پانی ‘خوراک اور تعلیم جیسے بنیادی شعبوں کے لئے اربوں روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے جبکہ عوام کو روز گار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لئے بھی ہنگامی اقدامات کئے گئے ہیں علاوہ ازیں کسانوں کے لئے بھی اربوں روپے رکھے گئے ہیں اور بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے بھی بہترین اقدامات کئے گئے ہیں ۔دریں اثناء ملک کی مختلف اپوزیشن جماعتوں نے پنجاب کے بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر (ن) لیگ نے ایک روائتی بجٹ پیش کرکے عوام کو خاص طورپر سرکاری ملازمین کو بہت مایوس کیا ہے۔ ان ملازمین کا خیال تھا کہ ان کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب کو سامنے رکھ کر اضافہ کیا جائے گا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہت کم رقم رکھی گئی ہے جبکہ کسانوں کو بھی کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک لاہور کے صدر ولید اقبال ‘ میاں حماد اظہر‘ پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب ایڈوائزری کمیٹی کی رکن اور ممبر کنٹونمنٹ بورڈ نسیم زہراء‘ پی ٹی آئی لاہور کی نائب صدر مسرت جمشید چیمہ‘ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میاں محمد ایوب‘ جہاں آراء وٹو ‘ بیگم شمیم خان نیازی ‘ چودھری اظہر حسین اور ملک عثمان حمزہ اعوان ’پاکستان‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت بتائے کہ ہرروز مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے اور اب تو عوام نے بھی حکومت کی جانب سے رمضان میں مہنگائی پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر ایکا کر لیا ہے اور تہیہ کر لیا ہے کہ وہ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ صرف دس فیصد تنخواہیں بڑھانے سے ملازمین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کی جانب سے ہمیشہ ہمارے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک ہی کیا جاتا ہے اور ہمیں خاطر خواہ ریلیف نہیں دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیکر مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ بجٹ میں اپوزیشن کی تجاویز کو شامل کرکے عوام دوست بجٹ پیش کیا جائے ۔

خواتین راہنما

مزید : علاقائی