حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا، عوام دشمن ہے، شوبز شخصیات

حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا، عوام دشمن ہے، شوبز شخصیات

لاہور(فلم رپورٹر) شوبز کے مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات نے پنجاب حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے صوبائی بجٹ18۔2017ء کے حوالے سے ملے جلے خیالات اور جذبات کا اظہار کیا ہے ۔کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا ہے جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ بجٹ میں سوائے ٹیکسوں کی بھرمار کے علاوہ کچھ نہیں ، عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھا دیا گیا ہے ۔ اداکارہ ثناء نے کہا کہ موجودہ بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندا ہے ،جس کا غریب عوام سے کوئی تعلق نہیں ۔ گلوکارہ حمیرا چنانے کہا کہ مہنگائی پہلے ہی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے ، اب عام آدمی کا جینا مشکل ہوجائے گا ۔ہدایتکار ڈاکٹر اجمل ملک، اچھی خان ،آغا حیدر اور جرار رضوی نے کہا کہ کسان ، مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں ، بیروزگاری خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے ۔ڈائریکٹر اشعر اصغرنے کہا حکمران غریب عوام کا خون نچوڑنے میں لگے ہوئے ہیں ، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عام طبقے کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔اداکارہ سدرہ نوراور آشا چوہدری نے کہا کہ حکومت نے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اچھا بجٹ پیش کیا ہے۔سونو علی نے کہا کہ ،حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوگا ۔اداکار نیر اعجاز نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنے مفادات کو مدنظر رکھ کر بجٹ تیار کرتا ہے۔اداکاررشید علی نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے عوام دشمن بجٹ پیش کرکے غریب عوام سے ظلم کی انتہاکر دی ہے ۔ پرائڈ آف پرفارمنس گلوکارہ گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ حکومت نے موجودہ حالات میں بہترین بجٹ پیش کیا ہے ۔اداکارہ سیمی راحیل نے کہا کہ بجٹ میں غریبوں کو نہیں بلکہ اشرافیہ اور مافیا کو نوازا گیا ہے۔ڈائریکٹر شاہد عزیز نے کہا کہ موجودہ بجٹ سے عام آدمی کو سخت مایوسی ہوئی ہے ۔ کوریو گرافر راجو سمراٹ نے کہا کہ ٹیکسوں کا بوجھ عام آدمی پر ڈال دیا گیا ہے ، بجٹ میں غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔

شوبز شخصیات

مزید : علاقائی