مسلم لیگ ن نے کراچی میں نہال ہاشمی کا متبادل تلاش کر لیا

مسلم لیگ ن نے کراچی میں نہال ہاشمی کا متبادل تلاش کر لیا

کراچی (مبشر میر) مسلم لیگ نواز نے نہال ہاشمی کا متبادل تلاش کرلیاہے ،قرین قیاس ہے قرعہ کراچی کی ایک معروف اور مقبول کاروباری شخصیت کے نام نکلے گا ۔ سینیٹر نہال ہاشمی کے استعفیٰ کے بعد مسلم لیگ کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔باخبر ذرائع کے مطابق شہر کراچی سے ایک بڑی کاروباری شخصیت کو مسلم لیگ میں عنقریب شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔وزیراعظم کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ نواز شریف کی خواہش تھی کہ اب کراچی سے ایسی شخصیت کو مسلم لیگ (ن) میں شامل کیا جائے جو پہلے کسی سیاسی جماعت میں شامل نہ ہو اور شفافیت کے اعتبار سے اعلیٰ درجہ پر ہو ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی ایک اعلیٰ شخصیت نے اس سلسلے میں گورنر سندھ کو ٹاسک دیا تھا جسے وہ مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو اس بات کا گہرا احساس ہے کہ وفاقی کابینہ میں ملک کے سب سے بڑے صنعتی اور تجارتی شہر سے ایک بھی وزیرشامل نہیں ۔ نواز شریف الیکشن مہم سے پہلے اس کمی کو دور کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں ۔ذرائع اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ کاروباری شخصیت وزیراعظم کے قریبی رفقاء کیساتھ ملاقات کرچکے ہیں اور عنقریب خود نواز شریف اسلام آباد میں ان کی شمولیت کا دھوم دھام سے اعلان کریں گے ۔ن لیگ کے قریبی حلقوں میں یہ کہاجارہا ہے کہ مذکورہ شخصیت کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے کراچی شہر میں پارٹی کا گراف بہتر ہونے کی قوی امید ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن)کا سندھ سیکرٹریٹ زیادہ فعال اورمنظم ہوجائے گا جسے گورنر سندھ محمد زبیر کی مکمل سرپرستی اور تعاون حاصل ہوگا۔

نہال متبادل تلاش

مزید : علاقائی