معاشی انتظام اور مالیاتی ضبط نے پاکستان کو دنیا کی ابھرتی منڈی کا درجہ دلایا:عالمی جریدہ
ٹوکیو(اے این این )ممتاز عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ نے اعتراف کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر معاشی انتظام اور مالیاتی نظم وضبط سے پاکستان کو دنیا کی ابھرتی منڈی کا درجہ حاصل کرنے میں مدد ملی ہے ۔ٹوکیو سے شائع ہونیوالے جریدے نے اپنے ایک مضمون میں لکھا کہ کثیر الجہتی محاذوں پر پاکستان کی کامیابیوں سے نہ صرف سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا بلکہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔جریدے کے مطابق معاشی ترقی سے پاکستان کی سیاسی صورتحال بھی مستحکم ہو رہی ہے جریدہ لکھتا ہے کہ پاکستان کے بنکاری ، توانائی ، سیمنٹ ، تیل وگیس اور کھاد کے شعبوں کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کو دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں نمایاں مقام دلایا ہے ۔جریدے نے یہ بھی لکھا ہے کہ پاکستان کی کراچی اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈر ڈ انڈیکس ایشیا میں سب سے زیادہ نمایاں رہا اور پاکستان ابھرتی منڈی بن گیا ہے ۔