کراچی ، طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ، شہریوں نے ’’ کے الیکٹرک‘‘ عملہ یرغمال بنا لیا
کراچی(اے این این)کراچی میں ہر طرف بجلی کی دہائی ، کورنگی اور گلستان جوہر بلاک سات میں بجلی کی طویل بندش نے لوگوں کو عذاب میں مبتلا کر دیا ۔ مشتعل مظاہرین نے ہنگامہ آرائی کی اور سڑکوں پر ٹائر جلائے ۔ کورنگی میں کے الیکٹرک کے عملے کو بھی یرغمال بنا لیا ۔ ٹھنڈے ایوانوں میں بلند و بانگ دعوے ، تقریروں میں ہزاروں میگاواٹ بجلی کے قصے سنائے جاتے ہیں مگر شہری پھر بھی محروم ہیں ۔عوام پریشان ہیں کہ کس سے فریاد کریں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ دنیا کو چاند پر قدم رکھے کئی برس ہو گئے وائے رے قسمت کراچی میں بجلی گھروں تک نہ پہنچ سکی ۔ شدید گرمی میں شہری بے حال ہونے لگے تو جلال میں آئے شہریوں نے دھمال ڈال دی ۔ مشتعل ہجوم نے "کے الیکٹرک "کی ایک گاڑی اور عملے کو بھی یرغمال بنا لیا ۔ پولیس موقع پر پہنچی تو مظاہرین نے نعرے بازی شروع کر دی ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا ۔ بپھرے شہریوں کا کہنا تھا "کے الیکٹرک "نے احتجاج کے سواء کوئی راستہ نہیں چھوڑا ۔ کراچی میں غیر اعلانیہ اور لا محد و د لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو ذہنی مریض بنا رکھا ہے ۔ بجلی کی قلت کیساتھ ساتھ پانی بھی نہیں مل پا رہا جس کی وجہ سے عبادت میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔