اسفند یار ولی خان کا افغان صدر اشرف غنی اور حامد کرزئی کو فون ،کابل دھماکے پر اظہار افسوس

اسفند یار ولی خان کا افغان صدر اشرف غنی اور حامد کرزئی کو فون ،کابل دھماکے پر ...

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے افغان صدر اشرف غنی اور سابق افغان صدر حامد کرزئی سے فون پر رابطہ کیاہے اور کابل ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا کی ہے ،دونوں افغان رہنماؤں کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے اسفندیا ر ولی خان نے کہا کہ اے این پی غم اور دکھ کی اس گھڑی میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی جہاں بھی ہو قابل مذمت ہے اور اب اس ناسور نے عالمی شکل اختیار کرتے ہوئے پوری دُنیا کو خطرے میں ڈال دیا ہے ،اُنہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے علاقائی کوششوں کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر سنجیدہ اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دُنیا کو پرامن بنایا جا سکے اور اس قسم کی کارروائیوں کا راستہ روکا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ سرحد کے دونوں جانب ہونے والی دہشتگردی میں صرف پختون مارے جا رہے ہیں لہٰذا خون اب بہت بہہ چکا ہے اور مستقبل میں اس کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر کوششیں کرنا ہونگی ، انہوں نے ظلم و بربریت کے اس اندوہناک واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والوں کے خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔آخر میں اُنہوں نے ایک بار پھر کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی دُکھ کی اس گھڑی میں افغان حکومت، افغان عوام اور متاثرہ خاندانوں کیساتھ برابر کی شریک ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول