پی این ایس ذوالفقار کا سری لنکا سے واپسی کا سفر شروع

پی این ایس ذوالفقار کا سری لنکا سے واپسی کا سفر شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس ذوالفقار سری لنکا میں کامیاب امدادی سرگرمیوں کی تکمیل اور سری لنکا میں سیلاب زدہ علاقوں میں حالا ت معمول پر آنے کے بعدکولمبو سے واپس روانہ ہو گیا ہے ۔پاک بحریہ نے انسانی مدد اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز سری لنکن آرمی، نیوی اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سر انجام دیے۔ چار دنوں پر مشتمل ان آپریشنز کے دوران پاک بحریہ کی ٹیموں نے سری لنکا کے سیلاب زدہ دور دراز علاقوں میں پھنسے لوگوں کی بڑی تعدادکومحفوظ مقام پر منتقل کیا ۔ متاثرین کو طبی امداد اور دوائیں فراہم کیں، مقامی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بحال کیا، پانی کے آلودہ کنوؤں کی صفائی، سڑکوں اور راستوں کو کھولنے کے علاوہ متاثرہ خاندانوں بالخصوص خواتین ، بچوں اور بزرگوں کو اشیاء و خوردو نوش اور خشک راشن کی فراہمی کا کام بھی سرانجام دیا۔پاکستان نیوی کی ان پرُخلوص اور بلاتعطل مدد سے سری لنکا کے دور دراز کے سیلاب زدہ علاقوں میں لوگ اپنے معمولات زندگی کو دوبارہ شروع کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ متاثرین سیلاب کے چہروں پر اطمینان کے تاثرات پاک بحریہ کے ان جوانوں اور افسروں کے لیے شکرگزاری کا مظہر تھے جنہوں نے ان آپریشنز میں حصہ لیا۔ سری لنکا کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ضرورت کی اس گھڑی میں سری لنکن عوام کی مدد کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کا اعتراف کیا اور اسے بھر پور سراہا۔بحری افواج دُوررس رسائی سے دور کی صلاحیت کی حامل ہیں اورپاک بحریہ نے اس کا عملی مظاہرہ سری لنکا میں سیلاب زدگان کی مدد کے دوران کیے گئے انسانی امداد اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کے دوران کیا۔ یہ آپریشنز پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا ثبوت ہیں جس کے تحت اتنے وسیع پیمانے پر امدادی سرگرمیاں انجام دی گئیں جن میں مختلف انواع کی تکنیکی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی ضرورت تھی۔ پاک بحریہ قومی پرچم کو سر بلند رکھنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پرکسی بھی طرح کی امداد کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔ دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے پاک بحریہ کے جہازہمارے قومی کردار ،جانفشانی اور انسانی فلاح و بہبود کے لیے غیرمتزلزل عزم کے عکاس ہیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر