خورشید شاہ کی رنگ بازی نہیں چلے گی، نہال ہاشمی نے غلط کیا :خواجہ آصف

خورشید شاہ کی رنگ بازی نہیں چلے گی، نہال ہاشمی نے غلط کیا :خواجہ آصف

اسلام آباد(اے این این ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے قائد حزب اختلاف کی رنگ بازی نہیں چلے گی ،ہم نہال ہاشمی کی باتوں کی حمایت نہیں کرتے ، عدلیہ کیلئے قربانیاں دی ہیں ،ساری پیپلز پارٹی کو پتہ ہے بینظیر کو قتل کس نے کیا،کھرا کہاں جاتا ہے لیکن نام کوئی نہیں لے گا،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت سانحہ 12مئی کی تحقیقات کیوں نہیں کرتی ،نہال ہاشمی کو سیاسی شناخت سے محروم کر دیا گیا ہے ،قائد حزب اختلاف پنجاب میں اپنی پارٹی کی خبر لیں ، کوئی ایمپائرکی انگلی کی بات کرتا ہے جب اسکی تلاشی کا وقت آتا ہے تو اپنی جیب پر ہاتھ رکھ لیتا ہے،ہمارے سیاستدان اپنے مفادات کیلئے پارلیمنٹ کو گالیاں دیتے ہیں، نوازشریف نے سپریم کورٹ کو تین نسلوں کا جواب دیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے خطاب پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا اگر قومی اسمبلی کی کارروائی لائیو دکھائی جائے تو میں اس کی حمایت کروں گا ، جتنا مطعون طبقہ سیاسی طبقہ ہے اور کوئی نہیں ، نہال ہاشمی نے جو باتیں کی اسکی کوئی حمایت نہیں کرسکتا ، یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ نہال ہاشمی نے جس طرح کی حرکت کی ، اسے سیاسی شناخت سے محروم کر دیا گیا ، ہم نے کوئی ڈوگر کورٹ نہیں بنائی ، میثاق جمہوریت اور مری معاہدے اسی لئے کئے گئے ، آپ بھٹو خاندان کی شہادت کے ثمرات تو وصول کرتے ہیں بینظر کے قتل کی انکوائری کیوں نہیں کرواتے ، خدا کیلئے بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو تو پکڑو ، آئین کی بات کرتے ہیں اسکی منظوری کے وقت لوگوں کو اٹھاکر باہر پھینکا گیا ، پاکستان میں عدالتوں کی مضبوطی کیلئے ہماری جدوجہد ہے ، آج پاکستان کی عدلیہ ہمارے گلے میں قانونی و آئینی طور ہاتھ ڈال رہی ہے۔ ہمیں یہ سبق نہ دیئے جائیں۔خورشیدشاہ کو اپنی پارٹی کی پنجاب میں خبر لینی چاہیے ، روزانہ کوئی نہ کوئی پتنگ کٹی ہوتی ہے ، نوازشریف نے ایسی روایات جنم دیں جنہیں صدیوں یاد رکھا جائے گا ، جہاں پر اداروں کی بقا کا مسئلہ ہو وہاں پوائنٹ سکورنگ نہ کی جائے۔خواجہ آصف کی جانب سے قائد حزب اختلاف کو رنگ باز کہنے پر سپیکر نے مداخلت کی ،

سپیکر کی جانب سے لفظ رنگ باز حذف کرنے کی بات پر خواجہ آصف نے اعتراض کیا ، خواجہ آصف نے کہا اکیلے قائد حزب اختلاف ہی نہیں ہم بھی قابل احترام ہیں ۔ رنگ بازی معصوم سا لفظ ہے ، اگر رنگ بازی مناسب لفظ نہیں تو رولنگ دے دیں ، میں ان لوگوں کو رنگ باز ہی کہوں گا ، آپ رولنگ دیں تو واپس لے لوں گا ، سپیکر نے کہا رنگ بازی کا مطلب تو ڈکشنری میں دیکھنا پڑے گا ۔

خواجہ آصف

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر