نہال ہاشمی نے شریف خاندان کی بنیادی طرز سیاست سے عوام کو آگاہ کیا:میاں جمشید
پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز میاں جمشیدالدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ اداروں اور شخصیات کو ڈرا دھمکا کر اقتدار حاصل کرنے والوں کا مستقبل غیر یقینی ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث ہو کر ملک اور عوام کا اعتماد کھو بیٹھنے ہیں اور پھر وہ ہمیشہ کیلئے سیاسی منظر سے غائب ہو جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نوشہرہ میں پی ٹی آئی کارکنوں اور تنظیمی عہدیدارں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے ساتھ قر بانی کیلئے شحصیات ہوتی ہیں اور ضرورت کی بنیاد پر اُن کی قربانی دی جاتی ہے جبکہ اس بار نہال ہاشمی نے شریف خاندان کی سیاست کا مرکزی مقصد طشت از بام لاکرکے پاکستانی قوم پر احسان کیا اور قوم نہال ہاشمی کی اس قربانی کو یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم پاکستان تحریک انصاف کی صاف ستھری سیاست اور شفاف طرز حکمرانی کا مشاہدہ کر رہی ہے اور یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ پی ٹی آئی کے قائدین اور حکومتی عہدیداران عوام کی توقعات پر پورا اتر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنان اور تنظیم عہدیداران اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن پورا کرنے کیلئے عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور حلقہ میں جاری اربوں روپو ں کے ترقیاتی منصوبوں کے معیاری اور بروقت تکمیل کیلئے بھر پور کوششیں جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کے اعتماد کو قائم رکھنے کیلئے کسی بھی سیاسی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی۔