افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے: امریکہ
اسلام آباد (این این آئی) امریکہ کی نائب معاون وزیر خارجہ برائے آبادی، مہاجرین و نقل مکانی نینسی ایزو جیکسن نے کہا ہے کہ دنیا میں سب سے بڑے پیمانے پر افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے،امریکہ انسانی بنیادوں پر اس معاونت میں پاکستان کیساتھ شریک ہے،پاکستان امریکہ قریبی دوست اور شراکت دار ہیں۔جمعہ کو امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ باتیں انہوں نے 31 مئی سی3 ِجون تک پاکستان کے دورہ کے موقع پر کہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے افغان تنازع کے متاثرین کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد کے پائیدارامریکی عزم کا اعادہ کیا اور دنیا کی سب سے بڑی اور انتہائی محفوظ پناہ گزین آبادیوں میں سے ایک کی میزبانی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
شمالی کوریا پر پابندی، امریکا نے سلامتی کونسل میں نیا مسودہ جمع کرادیا
انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بات کہتے ہوئے فخر ہے کہ امریکہ انسانی بنیادوں پر اس معاونت کے عزم میں پاکستان کے ساتھ شریک ہے۔ہماری قومیں آپس میں دوست ہیں، ہم شراکت دار ہیں اور اس مقصد کے لئے اس یقین کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ شریک ہیں کہ تشدد، ظلم وستم یا تنازع سے متاثر ہونے والوں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔پاکستان میں قیام کے دوران نینسی ایزو جیکسن نے ریاستوں اور سرحدی امور(سیفران) کے وزیر عبدالقادر بلوچ، وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل ،سیکریٹری داخلہ طارق محمود خان، بلوچستان اور خیبرپختونخواکے وزرائے تعلیم، پاکستان میں افغانستان کے ناظم الامور ، عالمی بینک اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔