ججز کے احترام کی بحالی کیلئے وکلا ء کا ساتھ دینگے،ایاز صادق
لاہور(این این آئی) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پی ایم ایل این ججز کے احترام کی بحالی کیلئے وکلا ء کا ساتھ دے گی،ان ہاؤس تبدیلی ضرور آسکتی ہے مگر یہ علاج نہیں ہے،واحد حل شفاف اورآزادنہ انتخابات ہی ہیں۔افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایازصادق نے کہا کہ ساہیوال میں پانچ بچوں کے انتقال پر پوری قوم کو افسوس ہے،عوام کا سوال ہے کہ جانوں کے ضیاع کی ذمہ داری کس پر ہے۔ اگر شہبازشریف ذمے داری اٹھاتے اور ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچاتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پٹرول مہنگا کر کے عوام کو عید کا تحفہ دیا ہے،لوگوں کے صبر کا پیمانہ حد سے بڑھ گیا ہے،لوگوں کا کہنا ہے کہ یہی حالات رہے تو حکومت اور ملک کیسے چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف جو دعوے کرتی تھی حکو مت میں آنے کے بعد میرٹ پر سب کچھ کیا جائے گا تو وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ وہ وزیر مملکت زرتاج گل سے استعفیٰ لیں۔
ایاز صادق