بلاول اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں سندھ کی تقسیم کا مطالبہ نہیں ، سعید غنی

    بلاول اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں سندھ کی تقسیم کا مطالبہ نہیں ، سعید غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی) سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اس وقت اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں ،سندھ کی تقسیم کا کوئی مطالبہ نہیں ، ایم کیو ایم سیاسی دباﺅ سے نکلنے کےلئے نعرے لگاتی ہے لیکن پیچھے ہٹ جاتی ہے ، جسٹس فائز عیسیٰ نے اپنے فیصلوں سے اپنی عزت اور مقام بنایا ہے اور حکومت کی جانب سے انکے خلاف ریفرنس اس کی نا اہلی اور نالائقی ہے ، اگر جسٹس (ر) افتخار چوہدری جیسے جج کےلئے لوگ باہر نکل سکتے ہیں تو جسٹس فائز عیسیٰ تو ان سے سو گنااچھے جج ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اسلم گل کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ آئین میں صوبے بنانے کا طریق کار درج ہے اور سندھ میں اسمبلی بھی موجود ہے اگر ایم کیو ایم ایسی کوئی بات کرتی ہے تو سندھ میں قرار داد لے کر آئے ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پنجاب میں نئے صوبے کی بات ہوئی تھی تو اتفاق رائے سے قرارداد منظور کی گئی تھی ۔ سندھ میں ایم کیو ایم کے سوا کسی نے سندھ کی تقسیم کی بات نہیں کی ۔ ایم کیو ایم سیاسی دباﺅ سے نکلنے کےلئے نعرے لگاتی ہے اور پھر پیچھے ہٹ جاتی ہے ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان میں ججز کی تاریخ دیکھیں تو بہت سے شاندار ججز رہے ہیں جن کی آج بھی عزت ہے اور ان کانام احترام سے لیا جاتا ہے اور ایسے ججز بھی ہیں جنہیں تاریخ میں برے الفاظ سے یاد کیا جاتا ہے اور اچھے اور برے ججز آتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ کی ججمنٹ پڑھی ہیں اور انہیں سنا ہے ،اس وقت اچھے ججز میں جسٹس فائز عیسی کا نام بھی شامل ہے اور ان کا ایک مقا م ہے ۔ا نہوںنے ٹی وی ٹکرز اور عوامی جذبات سے کھیل کر نہیں بلکہ اپنے فیصلوںاور ججز کےلئے موجود کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کر کے اپنا مقام بنایا ہے ،حکومت کی جانب سے ان کے خلاف ریفرنس لانا بد قسمتی ،نا اہلی او رنا لائقی ہے ۔ اگر لوگ جسٹس (ر)افتخار چوہدری جیسے جج کےلئے باہر نکل سکتے تو جسٹس فائز عیسیٰ تو ان سے سو گنا اچھے جج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن مضبوط نہیں ہو رہی بلکہ پیپلز پارٹی کے ووٹ بڑھے ہیں ، ایم کیو ایم کی سیاسی حیثیت ختم ہو چکی ہے ۔
سعید غنی 

مزید :

علاقائی -