مقبوضہ کشمیر ،شوپیاں میں 2شہداءکی نماز جنازہ ،ہزاروں افراد کی شرکت
سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیان میں 2شہید کشمیری نوجوانوں کی نمازجنازہ ادا، آبائی قبرستانوں میں سپرد خاک کر دیا گیا، جموں کے علاقہ نگروٹا میں بھارتی فوج کے ایک کرنل نے نامعلوم وجوہات کی بناءپر ایک درخت سے لٹک کر خود کشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں افراد نے ضلع شوپیان کے ایک گاﺅں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جونہی عابد منظور ماگرے اوربلال احمد بٹ کی میتیں ان کے آبائی علاقوں نوپورہ پائین اورآرمولہ لاسی پورہ میںپہنچیںتوہزاروں لوگ جمع ہوگئے اور ان کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ دونوں نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے جمعہ کو ضلع شوپیان کے علاقے درہگڈ میں دس گھنٹے طویل محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دونوں مجاہدین تھے اورایک جھڑپ میں مارے گئے۔ فوجیوں نے آپریشن کے دوران ایک اورشہری جاسم احمد شاہ کو بھی شہید کیا تھا۔لوگوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث نوجوانوں کی نماز جنازہ کئی بار ادا کی گئی جس کے بعد انہیں اپنے آبائی قبرستانوں میں سپرد خاک کیاگیا۔شہیدنوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لےے لوگوں کی بڑی تعداد میں ان کے گھر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثناءمقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ایک اور اہلکار نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی اس طرح ایک ہفتے کے دوران اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کے علاقے نگروٹا ایریا میں بھارتی فوج کے 16 ویں دستے میں تعینات 27 سالہ یوگیش سنگھ نے درخت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ خودکشی کی وجوہات تاحال نامعلوم ہیں۔جموں پولیس نے بھارتی فوج کے اہلکار کی لاش کو درخت سے اتار کر اسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش فوج کے حوالے کردی گئی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔2 روز قبل بھارتی فوج کے ایک کرنل روہت شرما نے لیہ ضلع میں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی تھی، اسی طرح 26 مئی کو بھی ضلع بارہ مولا میں انجینیئرنگ ریجمنٹ-22 کے سپاہی تیروپتی راﺅنے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی پست ہمتی اور ذہنی دباﺅ کے باعث خودکشی اور معمولی جھگڑے پر ساتھی اہلکاروں کو قتل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، 2017 سے تاحال 428 اہلکار خودکشی اورآپس کے جھگڑے میں ہلاک ہوئے۔
مقبوضہ کشمیر