مارکیٹوں، شاپنگ مالز میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں،ڈی آئی جی آپریشنز

    مارکیٹوں، شاپنگ مالز میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں،ڈی آئی جی آپریشنز

  



لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکارمساجد ، امام بارگاہوں ، رمضان بازاروںکے ساتھ ساتھ مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے گردونواح میںبھی موثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔ جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی،قمار بازوں،پتنگ بازوںاورون ویلرز کے خلاف بھی بھرپورکریک ڈاﺅن کیا جائے۔ ایس پی ڈولفن سکواڈ لاہور بلال ظفر نے گذشتہ ہفتے کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے جوا ن ہیلپ لائن 15 پر موصولہ تمام925کالز پر فوری ریسپانس عمل میں لائے۔دوران گشت ملزمان کے قبضہ سے12موٹر سائیکلیں،7موبائل فونزاور نقدی برآمد کی گئی۔اسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے14پسٹلز،4میگزین اور گولیاں برآمد کیں ۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے قبضہ سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیتے ہوئے99 افراد کی مدد کی گئی ۔دوران پٹرولنگ123 گاڑیوں،1 لاکھ6 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں اور 67ہزارسے زائد اشخاص کی چیکنگ عمل میں لائی گئی جبکہ59موٹر سائیکلوں اور 65اشخاص کو کوائف نامکمل ہونے پر حراست میں لیا گیا۔ 

جعلی نمبرپلیٹس والی وہیکلزکے خلاف کارروائی کرئے ہوئے03موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر مقدمات درج کئے گئے۔ ون ویلنگ میں15، ہوائی فائرنگ میں03اور پتنگ بازی کی خلاف ورزی پر04 افراد کو گرفتار کیاگیا۔ڈولفن سکواڈ اورپولیس ریسپانس یونٹ کے جوانوں نے دوران پٹرولنگ02اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا۔

مزید : علاقائی