بجلی گیس مہنگی کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا گیا،لیاقت بلوچ

  بجلی گیس مہنگی کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا گیا،لیاقت بلوچ

  



لاہور(سٹی رپورٹر) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی جانب سے بجلی، گیس مہنگی، سبسڈی کا خاتمہ، ٹیکسوں کا مزید بوجھ اور عوام کو مراعات نہ دینے کے اعلان نے عوام پر ڈرون بم گرادیا ہے،وہ وزیراعظم کے مشیر کم اور آئی ایم ایف کے زیادہ ہیں، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے قوم کو مراعات دینے کے اعلان کو ہوا میں اڑا دیاہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو بار بار پیغامات دیے کہ سو دن، پھر چھ ماہ اور اب ایک سال۔ موجودہ حکومت کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے لیکن مشیر خزانہ نے عوام کے لیے بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے، ان پر سبسڈی ختم کرنے اور کسی قسم کی رعایت نہ دینے کا اعلان کر کے ثابت کردیاہے کہ پی ٹی آئی حکومت اقتصادی طور پر مکمل ناکام ہے اور وہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن کے سامنے سر تسلیم خم کر چکی ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ 16 جون کو آئی ایم ایف سے ملکی سلامتی کے منافی سودی قرضوں اور مہنگائی کے خلاف لاہور سے عوامی احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے مسلم کانفرنس میں کشمیر کے مسئلے پر بہت ہی کمزور موقف پیش کیاہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی کشمیر پالیسی تشکیل دی جائے اور عالمی محاذ پر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا مقدمہ پوری تیاری کے ساتھ لڑا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم کو او آئی سی کانفرنس سے مطالبہ کرناچاہیے کہ وہ نبی پاک ؐ کی شان میں گستاخی کے خلاف اور تحفظ ناموس رسالت ؐ کے لیے قانون سازی کرے اور وزیراعظم خود بھی پاکستان میں قادیانیت کی سرپرستی بندکریں اور قادیانیوں کو اہم عہدوں پر بٹھانے پر قوم سے معافی مانگیں۔ 

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...