پناہ گاہیں فلاحی ریاست کی جانب پہلاقدم ہے،زکریا بٹ
لاہور(سٹی رپورٹر) عارضی پناہ گاہیں فلاحی ریاست کی جانب پہلا قدم ہے،بطور کوآرڈینیٹر تحریک انصاف اورمیڈیا کے مابین فاصلوں کو ختم کروں گا،پانی کی صورتحال بہتر بنانے اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں اسی مقصد کے تحت واسا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا چیئرمین مقرر کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق صاحبہ نے جو ٹاسک دیا ہے اس کے ذریعے عمران خان کے ویژن کو سامنے لاؤں گا ان خیالات کا اظہار مشیر برائے اطلاعات و نشریات محترمہ فردوس عاشق اعوان کے کوآرڈینیٹر زکریا بٹ روزنامہ پاکستان کے فورم میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت اور میڈیا میں کوآرڈینیشن بحال ہو گئی ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرا میڈیا کے ساتھ گزشتہ 20 تا25سال کا ساتھ ہے میڈیا مجھے پی پی پی کے دورسے جانتا ہے اسی لیے ان سے اچھی ہم آہنگی ہے۔اور مجھے امید ہے کہ یہ ہم آہنگی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری پانی کی قلت اور وائرس شدہ پانی ملنے کے باعث عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہیں جسکے لیے حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واسا کے چیئرمین مقرر کر دیئے گئے ہیں جو دن رات اس مسئلے کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عارضی پناہ گاہوں میں روزانہ 150کے قریب افراد رات گزارتے ہیں جہاں انہیں طبی سہولیات کے ساتھ دو وقت کا کھانا بھی دیا جاتا ہے۔جبکہ وہاں کا ماحول بھی گھر جیسا ہے ڈاکٹر فردوس صاحبہ نے جو ٹاسک دیا ہے وہ پورا ہو گااور ان پناہ گاہوں کا جال پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔