ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں اضافہ قابل مذمت ہے،امیر العظیم

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں اضافہ قابل مذمت ہے،امیر العظیم

  



لاہور (سٹی رپورٹر) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں ہوشر با اضافہ کردیاگیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ کرایوں میں ہوشربااضافے سے دوسرے شہروں کو جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جبکہ متعلقہ چیک اینڈ بیلنس کے ادارے اور ضلعی انتظامیہ اس کی روک تھام میں ناکام ہوچکی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی زائد کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی برائے نام ہے۔

 جبکہ ٹرانسپورٹرز نے کرائے میں اضافے کا سبب پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ بتا کر لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے مکمل یکسوئی اور سنجیدگی سے قانون کی رٹ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف بلا تمیز ایکشن لینا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا یہ المیہ ہے کہ دنیا بھر میں تہواروں پر سرمایہ دار حکومتوں کے ساتھ مل کر عوام کو زیادہ سے زیاہ ریلیف فراہم کرتے ہیں مگر پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے۔جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ جس کا دل کر تاہے اہم مذہبی تہواروں پر بھی پریشان حال اور مجبور عوام کو لوٹنے سے باز نہیں آتا۔ اس مجموعی طرز عمل نے ہماری معاشرتی اخلاقیات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ مہنگائی کے ستائے عوام کو لوٹنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور ٹرانسپورٹرز مقرر کردہ کرائے وصول کریں تاکہ عوام کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔ ریلوے اسٹیشن پر بھی مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سہولیات کے فقدان نے شہریوں کا اپنے آبائی علاقوں میں جانا بھی محال کردیا ہے۔ ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔ سیکورٹی کے بھی انتہائی ناقص اقدامات دیکھنے میں آرہے ہیں۔ مسافروں کی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...