عثمان بزدار کا چین میں سکالر شپ کیلئے جانیوالے طلبہ کیلئے فنڈز جاری نہ ہونے پر اظہار برہمی 

عثمان بزدار کا چین میں سکالر شپ کیلئے جانیوالے طلبہ کیلئے فنڈز جاری نہ ہونے ...

  



لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے چین میں سکالرشپ کیلئے جانیوالے طلباء و طالبات کیلئے فنڈز کا بروقت اجراء نہ ہونے پر سخت برہمی کااظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر طلبا ء وطالبات کیلئے 20کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اورفنڈز کے اجراء کے لئے آڈٹ کاپی پر دستخط ہوچکے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کل تک فنڈز کا اجراء ہر صورت یقینی بنایا جائے اورآئندہ ایسی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کیلئے بروقت فنڈز جاری کرنا متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے۔سکالر شپ پر چین جانے والے طلبا ء و طالبات کو مستقبل میں کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملتان کے علاقے میں 7سالہ بچی کی لاش ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانونی کاروائی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سردار عثمان بزدار نے میانوالی کے قریب موسیٰ خیل روڈپرٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا اور انتظامیہ سے حادثے کے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول