عید 5جون کو ہی ہو گی، سول ادارے تباہ حال، ایک دو سالوں میں بہتری کی کوئی توقع نہیں: فواد
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اقربا پروری اور سفارش سے اداروں کیساتھ کھلواڑ کیا گیا، سول ادارے مکمل تباہ حال، وزیراعظم کو ریزہ ریزہ نظام ملا۔ ایک دو سال میں ان اداروں میں بہتری کی کوئی توقع نہیں۔ نہ پارٹی میں کوئی اختلاف ہے نہ ہی حکومت کہیں جا رہی ہے۔فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہمارا اتفاق رائے ہے کہ پاکستان میں اگر جمہوری نظام نے کامیاب ہونا ہے تو عمران خان کی کامیابی ضروری ہے، نظر دوڑائیں ہمارے ساتھ آزاد ہونے والے ممالک کہاں کھڑے ہیں، احساس ہو گا اس عرصے میں کیا کھویا کیا پایا۔ان کا کہنا تھا کہ سول ادارے مکمل تباہ ہیں، جس ادارے کا جائزہ لیں پتہ چلے گا اقربا پروری، سفارش اور میرٹ کے اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر ان اداروں سے کھلواڑ کیا گیا، ایک دو سالوں میں ان اداروں میں بہتری کی کوئی توقع نہیں، وزیراعظم کو ایک ریزہ ریزہ نظام ملا ہے وہ اس نظام کو کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ نہ تو پارٹی میں کوء اختلاف ہے نہ ہی حکومت کہیں جا رہی ہے۔ دوسری جانب وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہوگی۔ایک انٹرویو میں وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہوگی، رویت ہلال کمیٹی بھی یہی فیصلہ کرے گی، پرانے وقتوں میں چھتوں پر جاکر اور اب موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے کمرے میں بیٹھ کر چاند دیکھا جا سکتا ہے۔
فواد