ججوں کی بیرون ملک جائیدادیں، اطلاع پر ایسٹس ریکوری یونٹ نے معاملہ وزارت قانون بھجوایا 

ججوں کی بیرون ملک جائیدادیں، اطلاع پر ایسٹس ریکوری یونٹ نے معاملہ وزارت ...

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت قانون اور ایسیٹس ریکوری یونٹ نے ججز کیخلاف ریفرنس کے معاملے پر مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔حکومت کی جانب سے ججز کے ریفرنس کے معاملے پر وزارت قانون اور ایسیٹس ریکوری یونٹ نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے ایسٹس ریکوری یونٹ کو تین ججوں کے بیرون ملک جائیدادوں کی اطلاع ملی۔ ججوں سے متعلق معاملہ 1973 کے رولز آف بزنس کے تحت وزارت قانون و انصاف کا دائرہ اختیار ہے، ججز کی جائیدادوں سے متعلق شکایت پر کارروائی کیلئے معاملہ وزارت قانون کو بھجوایا گیا۔وزارت قانو ن نے ایسٹس ریکوری یونٹ کو شکایت میں درج معاملے کی تصدیق کی ہدایت کی، ایسٹس ریکوری یونٹ نے تصدیق کیلئے ایف بی آر، نیب اور ایف آئی اے سے مل کر معلومات اکٹھی کیں، یہ واضح ہے کارروائی صرف تصدیق شدہ اطلاعات پر ہی ہو سکتی ہے اور وزیر اعظم کے ایسٹس ریکوری یونٹ نے ججز کی جائیدادوں سے متعلق تصدیق شدہ رجسٹریز حاصل کیں، یہ رجسٹریاں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے نوٹرائز اور تصدیق شدہ ہیں، یہ اطلاعات ملنے پر معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے رکھا گیا۔ صدر، وزیر اعظم، وزارت قانون اور ایسٹس ریکوری یونٹ آئین و قانون اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، آرٹیکل 209 سے متعلق صدر اور وزیر اعظم اقدام نہ کرتے تو اپنے فرائض سے غفلت کے مرتکب ہوتے۔یاد رہے گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ہائیکورٹ کے 2 ججز کیخلاف حکومت نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیے تھے۔صدارتی ریفرنسز پر سماعت کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 14 جون کو طلب کرلیا گیا ہے اور اٹارنی جنرل کو نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔وفاقی حکومت کی جانب ججز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل زاہد فخرالدین جی ابراہیم احتجاجاً مستعفی ہوگئے تھے،اس معاملے پر سینیٹ میں ججز کیخلاف حکومت کی جانب سے ریفرنس بھیجنے پر ججز کیساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کی گئی ہے۔دوسری جانب ملک بھر کی بار ایسوسی ایشن میں صدار تی ریفرنس کیخلاف غصہ پایا جاتا ہے اور پاکستان بار کونسل نے اسی معاملے پر اہم ہنگامی اجلاس بھی 8 اور 9 جون کو طلب کر رکھا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی نے ارکان پارلیمنٹ سے ججز کیخلاف ریفرنس بھیجنے پر صدر مملکت عارف علوی کے مواخذ ے کا مطالبہ کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیہ

مزید : صفحہ اول


loading...