گرین شرٹس کو آج انگلینڈ کا چیلنج درپیش 

گرین شرٹس کو آج انگلینڈ کا چیلنج درپیش 

  



ناٹنگھم (یواین پی)ا نٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم دوسرا میچ (آج)تین جون انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔گزشتہ روز قومی ٹیم کی بھرپور نیٹ پریکٹس،بیٹنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی گئی،آج کے میچ میں شعیب ملک اور آصف علی کی ٹیم میں شمولیت کاامکان۔ سرفراز احمد آئندہ میچوں میں بھرپور کم بیک کیلئے پرعزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں ایسے کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں جو فتح دلا سکتے ہیں۔قومی کپتان کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر پرستاروں کو پہلے میچ میں شکست پر مایوسی ہوئی ہو گی کیونکہ ناکامی کا انداز اچھا نہیں تھا تاہم ایسی شکست سے پلیئرز خود بھی متاثر ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صبح کے وقت شروع ہونے والے میچوں میں ٹاس جیت کر بالنگ کرنا اہم بات ہے لیکن انہیں ٹاس میں ناکامی کے بعد بیٹنگ کرنا پڑی اور ابتدائی دس اوورز میں تین وکٹیں گنوا دی جائیں تو کم بیک کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس تاثر کو ختم کرنا بھی ضروری ہے کہ ٹرینٹ برج کی یہ وکٹ 400 پلس سکور کی نہیں بلکہ ایک نئی پچ تھی جس پر گیند رک کر آ رہی تھی اور دن کا میچ ہونے کے سبب اس پر نمی بھی موجود تھی ورنہ اسی میدان پر پاکستان نے چوتھے ون ڈے میں 340 رنز بنائے تھے کیونکہ نمی سے عاری وکٹ پر گیند بیٹ کے درمیان میں آرہی تھی۔روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 16 جون کو مانچسٹر میں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق  گرین شرٹس دوسرا میچ 3 جون کو میزبان انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گی، تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا کے خلاف برسٹول میں کھیلے گی، پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ عالمی چمپئن آسٹریلیا کے خلاف ٹاؤنٹن میں کھیلے گی، پاکستان ٹیم پانچواں میچ 16 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گی، چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گی، ساتواں میچ 26 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گی، آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان کے خلاف لیڈز کے مقام پر کھیلے گی جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 5 جولائی کو لارڈز کے مقام پر کھیلے گی۔یاد رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان کوافغانستان سے شرمناک شکست ہوئی۔ کر کٹ مبصرین  انگلینڈ کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ ورلڈ کپ میچز میں دونوں ٹیموں کا پلڑا برابر ہے،میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 9بار آمنے سامنے آئیں  اور دونوں نے4،4میچز جیتنے جبکہ ایک میچ بغیر نتیجے ختم ہوا،قومی ٹیم میں 2تبدیلیوں کا امکان ہے۔گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں کم بیک کیلئے پر عزم ہیں جبکہ دوسری جانب میزبان ٹیم فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی