فاسٹ باؤلنگ کا سامنا کرنا ذہن پر بوجھ ہرگز نہیں:وہاب ریاض

فاسٹ باؤلنگ کا سامنا کرنا ذہن پر بوجھ ہرگز نہیں:وہاب ریاض

  



ٹرینٹ برج(یواین پی)قومی فاسٹ بالر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ فاسٹ بالنگ کا سامنا کرنا پاکستانی بیٹسمینوں کے ذہنوں پر بوجھ ہرگز نہیں ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف شارٹ بالز کو ٹھیک سے نہیں کھیلا جا سکا لیکن ماضی قریب میں یہ حقیقت بھی سامنے آچکی ہے کہ پاکستانی بیٹسمین شارٹ گیندوں پر رنز اسکور کرتے رہے اور انہیں کوئی مشکل درپیش نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حریف بالرز اگر انہیں باؤنسرز کرنا چاہتے ہیں تو اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ یہ کوئی ذہنی مسئلہ ہرگز نہیں ہے اور جہاں تک ناکامی کی بات ہے تو ماضی میں بھی ایسے منفی نتائج کا سامنا رہا لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سلسلے سے باہر نکلنے کا راستہ تلاش کیا جائے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف چار،صفر سے شکست کے دوران بھی بنائے جانے والے رنز کے لحاظ سے پاکستانی ٹیم زیادہ پیچھے نہیں تھی بلکہ سب سے بڑا فرق فیلڈنگ کا شعبہ تھا جس کے دوران متعدد کیچز ڈراپ کئے گئے لہٰذا انگلینڈ کو ہرانے کیلئے ان تمام خامیوں کو دور کرنا ہوگا جبکہ اس بات پر بھی توجہ دینا ہوگی کہ شروع سے ہی انگلش وکٹیں حاصل کی جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ناکامی مایوس کن رہی لیکن اس سے بھی سبق سیکھنے کا موقع ملا اور اندازہ ہوا کہ ایک بار اپنے اوپر اعتماد اور بھروسہ بحال ہو گیا تو پھر نتائج میں بھی بہتری آ جائے گی۔

لیکن اس کیلئے لازمی ہے کہ میدان میں اتر کر اپنی منصوبہ بندی پر بھرپور عمل کرنے کی کوشش کی جائے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...