عمران طاہر کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچز کی سنچری مکمل
لندن(اے پی پی)مایہ ناز جنوبی افریقن سپنر عمران طاہر نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچز کی سنچری مکمل کر لی، انہوں نے گزشتہ روز آئی سی سی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شرکت کے ساتھ یہ اعزاز حاصل کیا، وہ 100 میچز کھیلنے والے 24ویں جنوبی افریقن کھلاڑی بن گئے ہیں۔ عمران طاہر نے2011ء میں ایک روزہ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 8 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے 100 میچز مکمل کئے، انہوں نے 160 سے زائد وکٹیں لے رکھی ہیں۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے زیادہ ایک روزہ میچز کھیلنے کا اعزاز جیک کیلس کو حاصل ہے جنہوں نے 323 میچز کھیل رکھے ہیں۔جنوبی افریقن آل راؤنڈر جے پی ڈومینی نے سابق ہم وطن کرکٹر گریم سمتھ کا زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا ریکارڈ برابر کر دیا، انہوں نے گزشتہ روز ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شرکت کر کے یہ کارنامہ انجام دیا، ڈومینی اور گریم سمتھ نے یکساں 196 ایک روزہ میچز کھیل رکھے ہیں، اسطرح ڈومینی زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے مشترکہ طور پر ساتویں جنوبی افریقن کھلاڑی بن گئے ہیں۔ جیک کیلس 323 میچز کے ساتھ سرفہرست ہیں، شان پولاک 294 میچز کے ساتھ دوسرے، مارک باؤچر 290 میچز کے ساتھ تیسرے، ہرشل گبز 248 میچز کے ساتھ چوتھے، جوہنٹی روہڈز 245 میچز کے ساتھ پانچویں اور اے بی ڈی ویلیئرز 223 میچز کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔