وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی وفاقی وزیردفاع و سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات

وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی وفاقی وزیردفاع و سابق وزیر اعلی خیبر ...

  



پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اوروفاقی وزیر دفاع و سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے درمیان اسلام آباد میں ایک غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ موجودہ وفاقی اورخیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے اور باالخصوص قبائلی اضلاع کی تعمیر وترقی کے لئے آئندہ صوبائی بجٹ میں کی جانے والی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے کی اقتصادی حالت کو مزید بہتر بنانے کے لئے مقامی وسائل سے آمدن بڑھانے اور ٹیکس نظام کو مزید فعال بنانے کے لئے پالیسی مرتب کی ہے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اپنے دور حکومت میں خیبر پختونخوا کو محدود وسائل کے باوجود نہ صرف ترقی کی راہ پر گامزن کیا بلکہ ان کی حکومت میں صوبے میں تعلیم،صحت اور پولیس کے شعبوں کی بہتری کے لئے متعارف کی گئی اصلاحات اور گزشتہ دور میں ہونے والی موئثر قانون سازی کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی گزشتہ صوبائی حکومت کی بہتر کارکردگی کی بدولت ہی خیبر پختونخواکے عوام نے تحریک انصاف کو دوتہائی سے بھی زیادہ اکثریت سے منتخب کراتے ہوئے دوبارہ خدمت کا موقع فراہم کیا۔وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے صوبائی حکومت کی جانب سے معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواکے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے اور موجودہ صوبائی قیادت انتہائی باصلاحیت ہے جو ان وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔انہوں نے خیبر پختونخوا میں عوامی خدمت کے وسیع تر تجربے کی بنیاد پر وزیر خزانہ کو آئندہ صوبائی بجٹ کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں،جس کا تیمور سلیم نے خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی وفاقی وزیر دفاع خیبر پختونخوا کی ترقی و خوشحالی اور یہاں کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ہمیشہ اپنی خدمات فراہم کریں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...