انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں: حاجی غلام احمد بلور

انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں: حاجی غلام ...

  



پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کیسینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ خطے میں جاری انتہا پسندی اور دہشت گردی نے کروڑوں لوگوں کو سیاسی، معاشی اور ثقافتی سطح پر بد ترین حالات اور نفسیاتی دباؤ سے دوچار کر دیا ہے تاہم اس تشویشناک صورتحال سے نکلنے کیلئے ضروری ہے کہ افغانستان، پاکستان اور ایران جیسے ممالک علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے ایک صفحے پر آ جائیں تا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایک پْر امن اور خوشحال خطے کی بنیاد رکھی جا سکے۔افغان قونصلیٹ پشاور میں افگان قنصل جنرل محمد ہاشن نیازی کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  دنیا کو یہ پیغام دینا مقصود ہے کہ ہم پْر امن سیاسی لوگ ہیں اور اپنی مٹی، امن، ثقافت اور تاریخ سے محبت کرتے ہیں۔اس موقع پر اے این پی کے مرکزی سیکرٹری مالیات و سابق صوبائی وزیر حاجی ہدایت اللہ خان بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پشتونوں کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ ان کو چالیس سال سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے براہ راست اثرات کا سامنا ہے اور بعض اقدامات کے باوجود یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے تاہم افغانستان اور پاکستان کے عوام کو اس ناسور نے شدید نقصان پہنچایا ہے، اس لئے لازمی ہے کہ اس مسئلے کے حل کیلئے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سنجیدہ کوششیں کی جائیں تا کہ خطے کے کروڑوں عوام کی سلامتی اور خوشحالی اور ترقی کو ممکن بنایا جا سکے، اے این پی رہنما نے مزید کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود انتہا پسندی کے مائنڈ سیٹ کا پْر امن سیاسی جدوجہد اور شعوری کو ششوں کے ذریعے ڈٹ کر مقابلہ کیا جا نا چاہئے،حاجی بلور  نے کہا کہ انتہا پسندوں نے اس خطے کے عوام کو نہ صرف یہ کہ جانی اور معاشی نقصان پہنچایا بلکہ اس نے ہماری تاریخ،معاشرت اور ثقافت کو بھی اپنی لپیٹ میں لئے رکھا،حالانکہ ہمارا خطہ ایک شاندار تاریخی پس منظر کا حامل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم پر دہشت گردی مسلط کر دی گئی ہے اور ہم دوسروں کی امن دشمن پالیسیوں کے نتائج بھگتے آ رہے ہیں۔ 

مزید : صفحہ اول