مقبوضہ کشمیر، ایک ہفتے میں بھارتی فوج کے کرنل سمیت 3اہلکاروں کی خودکشی 

مقبوضہ کشمیر، ایک ہفتے میں بھارتی فوج کے کرنل سمیت 3اہلکاروں کی خودکشی 

  



سرینگر (آئی این پی)  مقبوضہ کشمیر  کے علاقے سری نگر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خودکشی کرلی، ایک ہفتے کے دوران اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر کے علاقے نگروتا میں 27سالہ یوگیش سنگھ کی درخت سے لٹکی لاش ملی۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ یوگیش سنگھ 16 کور یونٹ کا سپاہی تھا اور اس کی لاش خالی بلڈنگ سے متصل درخت سے لٹکی ہوئی تھی۔مقامی پولیس نے بتایا کہ شہر کے مضافاتی علاقے نگروتا میں 16 کور تعینات ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ جموں میں گورنمنٹ کالج اینڈ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش بھارتی فوج کے حوالے کردی گئی۔واضح رہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی فوجی کی خودکشی کا دوسرا واقعہ ہے۔اس سے قبل ضلع لداخ میں کرنل رینک کے بھارتی فوجی نے خودکشی کرلی تھی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خود کشی کرنے والے کرنل رینک کے افسر کا نام روتھ سنگھ سولانکی تھا۔رواں برس 31 مارچ کو بھی بھارتی فوجی نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔خود کشی کرنے والے بھارتی سیکیورٹی فورس،انڈو تبتان بارڈر پولیس  (آئی ٹی بی پی)سے وابستہ تھا اور اس کی شناخت رام پھول مینا کے نام سے ہوئی تھی۔خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جنوری 2017 سے لیکر اب تک 428 بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار خود کشی کر چکے ہیں۔

مزید : عالمی منظر