’’ آپ کا مطلوبہ نمبر کسی کے استعمال میں نہیں‘‘ آپ کے موبائل میں یہ آواز کس کی ہے؟ پہلی مرتبہ خاتون سامنے آگئی

’’ آپ کا مطلوبہ نمبر کسی کے استعمال میں نہیں‘‘ آپ کے موبائل میں یہ آواز ...
’’ آپ کا مطلوبہ نمبر کسی کے استعمال میں نہیں‘‘ آپ کے موبائل میں یہ آواز کس کی ہے؟ پہلی مرتبہ خاتون سامنے آگئی

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) جب بھی آپ کسی کو فون کرتے ہیں اور اس شخص کا نمبر مصروف ہو، یا پھر جب آپ کا بیلنس ختم ہوجائے یا رابطہ ممکن نہیں ہوپارہا ہوتا تو ہمیشہ ایک آواز سنائی دیتی ہے ”آپ کا مطلوبہ نمبر مصروف ہے، یا پھر رابطہ ممکن نہیں، یا آپ کا بیلنس ناکافی ہے“ ، لیکن آخر یہ آواز کس کی ہے؟

پاکستان میں موبائل استعمال کرنے والے ہر شخص نے اس آواز کو سنا ہو گا اور مذکورہ خاتون کو دیکھنے کی خواہش بھی دل میں رکھتا ہو گا کہ آخر یہ آواز ہے کس کی؟ کئی سالوں سے لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال آتا رہا ہے، تاہم اب وہ خاتون خود سامنے آگئی ہیں اور ان کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے۔

یہ آواز ایف ایم 105 پر موجود آر جے فرہین ملک کی ہے جنہوں نے ایک ویڈیو انٹرویو میں انکشاف کیا کہ جب لوگ فون پر یہ آواز سنتے ہیں کہ ان کا مطلوبہ نمبر مصروف ہے تو یہ آواز ان کی ہی ہے۔آر جے فرہین نے اس ویڈیو انٹرویو میں بتایا کہ وہ صرف موبائل فون پر ہی نہیں بلکہ ڈراموں کیلئے بیک گراؤنڈ وائس اوورز کرتی آرہی ہیں۔

وہ جیو ٹی وی سے بھی منسلک ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لوگ جہاں بھی کال کرتے ہیں چاہے کے الیکٹرک ہو، پی ٹی سی ایل ہو یا پی آئی اے، کال نہ ملنے پر ان کی ہی آواز سنائی دیتی ہے۔سوشل میڈیا پر صارفین فرہین کی آواز سن کر خاصے حیران ہیں، جبکہ اس بات پر خوشی کا اظہار بھی کررہے ہیں کہ انہیں معلوم ہوگیا کہ یہ آواز کس کی ہے۔

آرجے فرہین ملک کا کہناہے کہ بہت دفعہ ایسا ہوتاہے کہ مجھے اپنی آواز کہیں نہ کہیں سننے کو ملتی ہے اور میں بتاتی ہوں کہ یہ میری آواز چل رہی ہے لیکن لوگوں کو پتا ہی نہیں ہے کہ یہ میری آواز ہے ، مجھے یقین دلاناپڑتا ہے اور بول کر دکھانا پڑتا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ ایک دفعہ میں بینک میں گئی اور وہاں کاونٹر پر ایک آواز سنائی دیتی ہے کہ ” آپ برائے مہربانی کاونٹر نمبر ایک پر تشریف لائیں “ ، یہ بھی میری آواز ہے ، میں ان کو بتا رہی ہوتی ہوں کہ یہ میری آواز ہے وہ کہتے ہیں کہ اچھا میڈم ، میں کہتی ہوں کہ واقعی ہی میری ہے ، آپ کو بول کر دکھاﺅں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی آواز سے عشق ہے ۔

ویڈیو دیکھیں:

مزید : ڈیلی بائیٹس


loading...