’مفتی منیب کی جگہ پوپلزئی کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئرمین بنایا جائے‘ حکومتی ایوانوں سے طاقتور آواز بلند ہوگئی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے رویت ہلال کے معاملے میں نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔
ایک ویڈیو پیغام میں شوکت یوسفزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مفتی منیب الرحمان کو ہٹا کر شہاب الدین پوپلزئی کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی منیب الرحمان کو ہٹا کر آرام دیا جائے اور فواد چوہدری کی ٹیم کو موقع دینا چاہیے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں خیبر پختونخوا کی شہادتوں کو کبھی سنا ہی نہیں گیا، پورے پاکستان میں ایک دن اور خیبر پختونخوا میں 2 دن عیدیں اور روزے ہوتے ہیں جو تکلیف دہ ہیں، اگر رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کی جائے تو پورے پاکستان میں ایک ہی دن عید اور روزوں کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔