دو نوجوان دوست جو خواتین کا سب سے بڑا مسئلہ حل کر کے کروڑ پتی بن گئے

دو نوجوان دوست جو خواتین کا سب سے بڑا مسئلہ حل کر کے کروڑ پتی بن گئے
دو نوجوان دوست جو خواتین کا سب سے بڑا مسئلہ حل کر کے کروڑ پتی بن گئے

  



نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)جلد پر کیل مہاسوں اور چھائیوں کا مسئلہ ہر خاتون کا مسئلہ ہے۔ امریکہ میں دو نوجوان دوستوں نے خواتین کا یہ مسئلہ حل کرنے کے لیے ایک ایسی چیز تیار کی کہ اس کے ذریعے چند ماہ میں ہی 1ارب سے زائد رقم کما لی۔ میل آن لائن کے مطابق 24سالہ مینی باربز اور جیمز ہیشم نامی ان دوستوں نے 2018ءمیں خواتین کے لیے ’گلابی مٹی کا ماسک‘ تیار کیا جو دنیا کا بہترین ماسک قرار پایا۔ یہ ماسک خواتین کے چہرے سے چھائیاں اور کیل مہاسے وغیرہ دنوں میں ختم کر دیتا ہے اور ان کی جلد کو چمکدار، توانا اور صحت مند بنا دیتا ہے۔

مینی اور جیمز نے آئلہ سکن کیئر کے نام سے اس برانڈ کی تشہیر کی جو خواتین میں اس قدر مقبول ہوا کہ صرف 14ماہ میں انہوں نے اس ماسک کے ذریعے 70لاکھ ڈالر (تقریباً 1ارب 2کروڑ روپے) کمالیے ہیں۔ اپنے ماسک کی اس قدر مقبولیت کو دیکھ کر اب انہوں نے ’ایکس فولیئٹر‘ اور بیری موئسچر جیسی مصنوعات بھی متعارف کروا دی ہیں اور وہ بھی بہت پسند کی جا رہی ہیں۔ ان کے آئلہ سکن کیئر برانڈ کی یہ مصنوعات دنیا کے مختلف ممالک میں 1500سے زائد سٹورز پر فروخت ہو رہی ہیں۔اپنی اس کامیابی پر مینی باربز کا کہنا تھا کہ ”یہ کاروبار کوئی آسان نہیں تھا لیکن جب جیمز جیسا بہترین دوست ساتھ ہو تو کچھ مشکل نہیں رہتا۔ ماسک بنانے کا یہ آئیڈیا میرا تھا جس پر ہم دونوں نے مل کر کام کیا اور ہمیں ہماری توقع سے بڑھ کر کامیابی ملی۔“

مزید : ڈیلی بائیٹس