ہوائی فائرنگ غیر قانونی فعل،پولیس افسران چاند رات اورعید الفطر کے موقع پر روک تھام یقینی بنائیں: گورنر بلوچستان کی ہدائت

ہوائی فائرنگ غیر قانونی فعل،پولیس افسران چاند رات اورعید الفطر کے موقع پر ...
ہوائی فائرنگ غیر قانونی فعل،پولیس افسران چاند رات اورعید الفطر کے موقع پر روک تھام یقینی بنائیں: گورنر بلوچستان کی ہدائت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ(این این آئی)گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ نہ صرف ایک غیر قانونی فعل ہے بلکہ یہ اس خطے کی ایک جان لیوا روایت بھی ہے،چاند رات یا دیگر تہواروں کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے مختلف قسم کے حادثات جنم لیتے ہیں ۔ گورنر بلوچستان نے تمام ذمہ دار پولیس آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور اضلاع میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کریں ۔

گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ سے پہنچنے والے مالی و جانی نقصانات کی مناسبت سے عوام میں بھر پور شعور و آگہی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے جس میں میڈیا پرسنز ، اساتذہ کرام اور علماءکرام کا کردار اہم ہوگا ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ایسی خوشیاں ترک کریں جن سے معاشرے کے دوسرے انسانوں کے مالی و جانی نقصان کا باعث ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ سے ملنے والی چند لمحوں کی خوشی کسی دوسرے انسان کی جان لے سکتی ہے ، عید کی خوشیاں غم میں بدل سکتی ہیں اور کوئی اندھی گولی معاشرے کے دوسرے انسانوں کی معذوری کا باعث بھی بن سکتی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ یہ ہر ذی فہم شخص کا فریضہ ہے کہ وہ نہ صرف ہوائی فائرنگ سے خود اجتناب کریں بلکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے ایک فرض شناس شہری ہونے کا ثبوت دیں۔