عیدالفطر پر سیکیورٹی کیلئے تعینات افسران واہلکار ہائی الرٹ ہو کر فرائض منصبی اداکریں:آئی جی پنجاب

عیدالفطر پر سیکیورٹی کیلئے تعینات افسران واہلکار ہائی الرٹ ہو کر فرائض ...
عیدالفطر پر سیکیورٹی کیلئے تعینات افسران واہلکار ہائی الرٹ ہو کر فرائض منصبی اداکریں:آئی جی پنجاب

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ عیدالفطر پر مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر ہونے والے عیداجتماعات کی سکےورٹی کیلئے تعینات افسران واہلکار بھرپور محنت ، لگن اور فرض شناسی کے جذبے سے ہائی الرٹ ہو کر فرائض منصبی اداکریں جبکہ سی سی پی او لاہور سمیت تمام سینئر افسران خود فیلڈ میں نکل کرسکےورٹی انتظامات کی چیکنگ کوبھی یقینی بنائیں تاکہ عوام بلا خوف و خطر مذہبی فرائض کی ادائیگی کے بعد عید کی خوشیاں منا سکیں،چاند رات پرپنجاب بالخصوص لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں اہم مارکیٹس اور شاہراہوں پر شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے اضافی دستے تعینات کئے جائیں جبکہ ہوائی فائرنگ ، ون ویلنگ اورہلڑ بازی کے ذریعے شاہراہوں پرٹریفک نظام متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں سینئر پولیس افسران کو عید سیکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ ، ڈی آئی جی آپریشن پنجاب کیپٹن (ر )عطا ءمحمد ، ڈی آئی جی لاجسٹکس رائے بابر سعید ،ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈویژن لاہورعمران احمر، ڈی آئی جی آپریشن لاہور اشفاق احمد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں ، شاپنگ سنٹرزاور مارکیٹوں کی سیکیورٹی کیلئے پٹرولنگ فورسز کے ساتھ ساتھ سادہ لباس میں اہلکار بھی تعینات کئے جائیں جبکہ بازاروں ، شاپنگ سنٹرز اور مارکیٹوں میں خواتین کو تنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے اور سٹریٹ کرائمز کے واقعات کی روک تھام کیلئے پٹرولنگ فورسز ڈولفن ، پیرو کے گشت کو مزید موثر بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عید سے قبل لاہور میں زہریلی شراب پینے سے پانچ شہریوں کی ہلاکت کا واقعہ انتہائی پریشان کن ہے لہذا ایس پیز کی زیر نگرانی شراب فروشوں کے خلاف شروع کریک ڈاﺅن میںمزید تیزی لائی جائے اور دیسی ، زہریلی اور کچی شراب بنانے اور اسکی خریدو فروخت میں ملوث عناصر کو فی الفور پابند سلاسل کیا جائے جبکہ اس کریک ڈاﺅن کی روزانہ کی بنیاد پر بننے والی رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھی بھجوائی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران لاہور سمیت صوبے کے تمام تفریحی مقامات بشمول پارکس، چڑیا گھروں،پکنک پوائنٹس پر آنے والی فیملیز کے تحفظ کیلئے خواتین اہلکاروں سمیت سیکیورٹی کے اضافی دستے تعینات کئے جائیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے شہریوں کی نگرانی کا عمل ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔

اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاہور صوبائی داراحکومت اور انتہائی اہم شہر ہے لہذاسی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشن وضع کردہ پلان کے مطابق اے کیٹیگری کی مساجد، امام بارگاہوں سمیت حساس مقامات کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کے ہموار بہاﺅ کو یقینی بنانے کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق اقدامات کئے جائیں جبکہ مال روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک مینجمنٹ کیلئے ٹریفک اور آپریشنز پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیںاور ون ویلنگ اور ریسیں لگانے والے بائیکرز کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے مزید کہاکہ عید سیکیورٹی انتظامات میں سپیشل برانچ کی ٹیمیں لاہورپولیس کی بھرپو ر معاونت کریں جبکہ موثر انٹیلی جنس اور باہمی کوارڈی نیشن کے ساتھ سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری رکھے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید کے دوران لاری اڈوں اور دیگر بس سٹینڈز پر مسافروں سے زائد کرائے کے وصولی کے واقعات کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جوائنٹ آپریشنز کئے جائیں تاکہ عید کے موقع پرآبائی شہروں اور دیگر علاقوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران پتنگ بازی کے واقعات کی روک تھام کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں تاکہ کسی معصوم شہری کی قیمتی جان ان سانحات کی نذر نہ ہوسکے ۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...